ترکی آزادیْ صحافت کو کبھی ترک نہیں کرے گا، صدر ایردوان

صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ترکی آزادیْ صحافت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے صحافیوں پر زور دیا کہ وہ عوام کے سامنے سچ لائیں تاکہ ملک میں جمہوریت مزید مستحکم ہو۔
ورکنگ جرنلسٹس ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر ایردوان نے کہا کہ ترکی آزادیْ صحافت پر یقین رکھتا ہے یہی وجہ ہے کہ ترکی نے ملک کے اندر اور بیرون ملک کسی دوسرے ملک کے خلاف کوئی پروپیگنڈہ مہم نہیں چلائی اور نہ ہی ترکی کو یہ سب کچھ زیب دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزادیْ صحافت جمہوریت کا اہم ستون ہے اور عوام کی حقیقی خبروں رسائی ان کا حق ہے جو کسی صورت غصب نہیں کیا جا سکتا۔ صحافیوں پر جمہوریت کی طرف سے ایک بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ معاشرے کے اہم مسائل کو سامنے لائیں تاکہ حکومت ان کے حل کو یقینی بنا سکے۔
انہوں نے ذرائع ابلاغ پر زور دیا کہ صحافت کے پیشہ ورانہ اور ضابطہ اخلاق کو سامنے رکھتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ موجودہ دور میں معلومات کی رفتار بہت تیز ہو گئی ہے ایسے میں خبروں کی سچائی اور ان کی تصدیق بھی ایک مشکل مرحلہ ہے۔ ذرائع ابلاغ کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں کہ وہ ان تمام معلومات کو چیک کریں تاکہ غلط اور جھوٹی خبروں سے بچا جا سکے۔