رواں مالی سال میں ترکی قابل تجدید توانائی کے منصوبوں پر تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ گذشتہ سال بھی ترکی نے توانائی کے ان منصوبوں پر تین ارب ڈالر فنڈنگ کی تھی جس سے قابل تجدید توانائی سے بجلی کی پیداوار میں 4,900 میگاواٹ کا اضافہ ہوا تھا۔ اس وقت ترکی میں قابل تجدید توانائی سے 49 گیگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔
ترک وزارت توانائی و قدرتی وسائل کے مطابق درآمدی تیل کے ذریعے بجلی کی پیداوار کو کم سے کم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ ملک کا کرنٹ اکاوْنٹ خسارہ کم کیا جا سکے۔ ترکی توانائی کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا چاہتا ہے۔
وزارت توانائی کے ڈائریکٹر ایمرے حاتم نے کہا کہ ترکی کو انرجی سیکیورٹی کا مسئلہ نہیں ہے لیکن اب ترکی کو بجلی کی پیداوار کے روایتی منصوبوں سے قابل تجدید توانائی کے منصوبوں میں تبدیل کرنا ناگزیر ہو گیا ہے۔
ترکی میں بائیو ماس کے ذریعے بجلی کی پیداوار 300 میگاواٹ تک پہنچ گئی ہے لیکن اس سال اس میں مزید 400 میگاواٹ کا اضافہ کیا جائے گا۔
اس وقت ترکی شمسی توانائی سے 400 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں اور اس سال سولر انرجی سے بجلی کی پیداوار 800 میگاواٹ تک پہنچ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مختلف علاقوں میں "منی سولر رینیوایبل ریسورس زونز” بنائے جا رہے ہیں اور یہاں سرمایہ کاری کے لئے انویسٹرز سے درخواستیں کی گئی ہیں جو مارچ میں کھولی جائیں گی۔ ترکی کے 36 اضلاع میں اس طرح کے زونز بنائے جائیں گے۔