ترکی میں تائیوان کی براہ راست سرمایہ کاری دس گنا بڑھ گئی، سفیر تائیوان

حالیہ سات برسوں میں تائیوان کی ترکی میں براہ راست سرمایہ کاری میں دس گنا کا غیر معمولی اضافہ ہوا ہے دوسری طرف تائیوان کے سیاحوں کی ترکی آمد بھی چار گنا بڑھ گئی ہے۔
انقرہ میں تائیوان کے اکنامک اینڈ کلچرل مشن کے سربرہ یاسر تائی ایچ سیانگ شینگ نے کہا کہ دو الگ خطوں میں ہونے کے باوجود دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے کئی مواقع موجود ہیں۔ ترکی اور تائیوان نے مختلف شعبوں میں 10 معاہدے بھی کئے ہوئے ہیں۔ ان معاہدوں سے دونوں ملکوں کے تعلقات کو بہتر بنانے میں کافی مدد ملی ہے۔
ٹرکش ایئر لائنز نے تائیوان کے دارالحکومت تائپے میں براہ راست فضائی سروس 2015 میں شروع کی تھی۔ ہر سال تائیوان کے ایک لاکھ 20 ہزار سیاح ترکی آتے ہیں۔ تائیوان کی ترکی میں براہ راست سرمایہ کاری 64 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
ترکی اور تائیوان کے درمیان تجارت، ٹیکنالوجی، انسانی امداد، ثقافت، سیاحت، تعلیم اور میڈیکل کے شعبے میں تعاون جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں نے چین کو آپس کے تعلقات خراب کرنے کا موقع نہیں دیا اور دیگر کئی شعبوں میں تعاون کی نئی راہیں کھل رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترکی کو اسلامی دنیا میں ایک اہم مقام حاصل ہے۔ انقرہ کی اعتدال پسند پالیسی سے دونوں ملکوں میں دوستانہ تعلقات فروغ پا رہے ہیں۔ انہوں نے ترکی اور تائیوان کے درمیان تعاون کو مزید وسیع کرنے کے لئے ایک اسٹریٹجکل کونسل قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

#PTN #PTNurdu #Pakturknews