ترکی میں نائٹ لائف کیسی ہوتی ہے ؟

حسن زبیر

ترکی آنے والے زیادہ تر سیاحوں کو لگتا ہے کہ استنبول ہویا ازمیر یا انطالیہ ، وہ تاریخی مقامات کی سیر کریںگے ۔کچھ پرفضا جگہوں پر جائیں گے یا پیراگلائیڈنگ کا لطف اٹھا ئیں گے اورپھر ترکش کھانوں کا لطف اٹھا کر تھک ہار کر سوجائیں گے ۔ لیکن اکثر سیاحوں کا یہ تصور ترکی پہنچتے ہی پاش پاش ہوجاتا ہے کیونکہ ترکی کی نائٹ لائف کو پورے یورپ میں سب سے زیادہ زندگی سے بھرپور راتیں شمار کیا جاتا ہے ۔
بے شک ایسا ہی ہے ۔ ترکی میں راتیں جاگتی ہیں ۔ سورج ڈھلتے ہی اندھیرے پھیلنے سے پہلے روشنیاں جگمگانے لگتی ہیں اورترکی کے سیاحوں سے بھرے مقامات پر موسیقی گونجنے لگتی ہے ۔
ترکی میں رجب طیب ایردوان کے مسلسل اقتدار کے دوران اقتصادی ترقی سے صرف ترک عوام کی زندگی میں ہی خوشحالی نہیں آئی بلکہ اس خوشحالی نے ان کی نائٹ لائف کو بھی توانائی اور تنوع پر بہت زیادہ اثر ڈالا ہے ۔
استنبول میں بحیرہ فاسفورس کے پانیوں پر ہلکورے لیتے کروز رات بھر روایتی موسیقی اور رقص کا سامان پیدا کرتے ہیں ۔ ازمیر ، انطالیہ سمیت دیگر سیاحتی مقامات پر اناطولیائی لوک موسیقی گونجنے لگتی ہے ۔ پھولوں سے خوشنما ماحول بنایا جاتا ہے ۔گلوکار محبت اور جنگ کی کہانیاں گنگناتے ہیں ۔ موسیقاروں کیانگلیاں جب روایتی سازکی تاروں کو چھیڑتی ہے تو دیکھنے اور سننے والوں کے پاؤں خودبخود تال سے تال ملانے لگتے ہیں ۔
ترکی کی نائٹ لائف میں رقص شام کا لازمی حصہ بن چکا ہے ۔ سب سے زیادہ روایتی رقص ہالے مشہور ہے ۔ جسے ہرکوئی آسانی سے کرسکتا ہے ۔ ہالے کے ملتے جلتے انداز ترکی سے وسطی ایشیا اور کئی یورپی ممالک میں بھی پائے جاتے ہیں ۔ اس لیے غیرملکی بھی ترکی میں جلد ہی ہالے پر قدم سے قدم ملانا سیکھ لیتے ہیں ۔ روایتی رقص کے علاوہ نائٹ کلبوں میں بیلی ڈانس بھی عام ہے ۔راک بارز بھی ہیں جہاں لائیو میوزک پیش کیا جاتا ہے ۔اسی طرح روسی اور رومانیہ کے رقاصوں کے ٹولے "اورنٹیل شوز”پیش کرتے ہیں ۔ یہ ایسی تفریح ہے جسے بہت سے لوگ اپنی فیملیز کے ساتھ دیکھنا بھی معیوب نہیں سمجھتے ۔
سمندر میں کروز پر ہوں یا کلبوں میں جائیں ۔ اس بات کا خیال ضرور رکھیں کہ آپ کو کچھ لوگ گھیرنے کی کوشش بھی کرتے ہیں ۔ وہ آپ کو ورغلا کر ایسی جگہوں پر لے جاتے ہیں جہاں پر آپ سے اچھی خاصی رقم نکالی جاسکے ۔ اس لیے محتاط رہیں اور سستی یا رعایت کے نام پر خود کو لٹنے سے بچائیں ۔ زیادہ تر سیاح کوساڈاسی جاتے ہیں جسے عام طور پر باراسٹریٹ کے نام سے پکاراجاتا ہے ۔
ترکی کے مشہور سیاحتی شہر استنبول میں رہائش ، کھانے پینے اور سفر کے اخراجات یورپی شہروں کے مقابلے میں تھوڑے کم ہیں ۔ سیاحتی ریزورٹس کی قیمتیں بھی کم ہی رکھی جاتی ہیں ۔ اس لیے آپ جب بھی ترکی جائیں تواستنبول گھومیں ، کپوڈوچیا میں پیراگلائیڈنگ کریں ، ازمیر اور انطالیہ کے پرفضا مقامات دیکھیں ، قونیہ میں روحانی ماحول پائیں لیکن ان تاریخی اور مشہور مقامات کے ساتھ ساتھ نائٹ لائف کی رونقوں سے بھی ضرور لطف اندوز ہوں ۔ آپ کو یہ تجربہ زندگی بھر یاد رہے گا۔

hasan zubairnaght lifepak turk newsThe unspoken truth of turkeys nightlifeپاک ترک نیوزپاکستان ترکی دوستیترکی کی نائٹ لائف