استنبول(پاک ترک نیوز)
ترکی میں سلسلہ نقشبندیہ خالدیہ کے روح رواں حضرت شیخ محمود آفندی کی نماز جنازہ استنبول کے ضلع فتح کی جامعہ مسجد میں ادا کردی گئی ہے۔ شیخ محمود آفندی کے عقیدت مندوں اور سلسلہ نقشبندیہ خالدیہ کے پیروکاروں کی بڑی تعداد نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ انکی وفات پر نہ صرف ترکی بلکہ دنیا بھر سے افسوس اور تعزیت کے پیغامات آرہے ہیں۔ گزشتہ روز پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بھی انکی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا۔
انکی زندگی میں کئی زعما اور سیاسی شخصیات ان کے درپر حاضری دیتی رہیں جن میں ترکی کے موجودہ صدر رجب طیب اردوان بھی ہیں جنہوں نے 2014کے انتخابات سے قبل شیخ محمود آفندی کی درگاہ پر حاضری دی۔ بعض ذرائع کا تو یہ بھی دعویٰ ہے کہ شیخ محمود آفندی صدر اردوان کے پیرو مرشد بھی تھے۔پاکستان سے تمام مکاتب فکر کے علما نے بھی ان کی درگاہ پر حاضری کی سعادت حاصل کی جن میں سلسلہ نقشبندیہ کی معروف بزرگ شیخ ذولفقار نقشبندی، مولانا فضل الرحمان، مفتی تقی عثمانی کے علاوہ دعوت اسلامی کے وفود بھی شامل ہیں۔