ترک انجینئرز کی بڑی کامیابی، چاند پر مشن بھیجنے کے لئے ہائبرڈ راکٹ کا تجربہ کامیاب

ترک انجینئرز نے چاند پر مشن بھیجنے کا ایک بڑا سنگ میل عبور کر لیا۔ 2023 میں چاند پر مشن بھیجنے کے لئے ہائبرڈ راکٹ تیار کرنے کا تجربہ کامیاب ہو گیا ہے۔

ترک انجینئرز نے استنبول کے شائلے ضلع میں ایک سرکاری ریسرچ ادارے میں ہائبرڈ راکٹ کا تجربہ کیا۔ ریسرچ کا یہ سرکاری ادارہ نیشنل اسپیس پروگرام کے ماتحت کام کر رہا ہے جو قومی خلائی پروگرام کی نگرانی کرتا ہے۔ اس راکٹ کا نام ڈیلٹا وی (Delta V) رکھا گیا ہے

مستطیل شکل کا یہ ہائبرڈ راکٹ "سسٹم آف ہائبرڈ ساؤنڈنگ راکٹ” خلا میں پہنچنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ترک وزیر ٹیکنالوجی اور صنعت مصطفیٰ ورانک نے کہا کہ صدر ایردوان نے 10 سال کے جس خلائی پروگرام کا اعلان کیا تھا ہائبرڈ راکٹ کی تیاری اس پروگرام کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترکی کا "مون مشن” چاند پر مشن 2023 میں بھیجا جائے گا جس کے لئے تکنیکی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ ترک وزیر نے کہا کہ ابتدائی طور پر اس راکٹ کا لیبارٹری میں تجربہ کر لیا گیا ہے تاہم آئندہ ماہ سینوپ صوبے سے فضا میں بھیجنے کا تجربہ کیا جائے گا۔

ڈیلٹا وی پروجیکٹ کے جنرل منیجر عارف کارابے اولو نے کہا کہ اگر مئی میں فضا میں راکٹ چھوڑنے کا تجربہ کامیاب ہو جاتا ہے تو یہ ایک بڑی کامیابی ہو گی جس سے 2023 کے مون مشن کی راہ مزید ہموار ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ترکی بتدریج چاند کی طرف سفر کر رہا ہے۔

ترک ٹیکنالوجیترکی کا خلائی پروگرامترکی کا مون مشنصدر رجب طیب ایردوان