تھائی لینڈ ، نائٹ کلب میں آتشزدگی کے باعث 13افراد ہلاک

بنکاک(پاک ترک نیوز)تھائی لینڈ میں نائٹ کلب میں آتشزدگی کے باعث 13افراد ہلاک جبکہ 41زخمی ہو گئے ۔
آگ کے باعث ہلاک ہونے والوں میں 4خواتین اور 9مرد شامل ہیں جن کی لاشیں دروازے، بیت الخلا اور ڈی جے بوتھ کے پاس سے ملیں۔
واقعہ تھائی لینڈ کے جنوب مشرقی صوبے چھونبوری میں رات گئے کلب ماؤنٹین بی نائٹ اسپاٹ میں پیش آیا جہاں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے کلب کے بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔


پولیس کا کہنا ہے کہ کلب کی دیواروں پر آتش گیر فوم لگے ہونے کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیلی جس کی وجہ سے کئی لوگوں کو جان بچانے کا موقع نہ مل سکا۔
انٹرنیٹ پر واقعے کی ویڈیوز سامنے آئیں جس میں لوگ چیختے چلاتے کلب سے باہر بھاگ رہے ہیں اور ان کے کپڑوں میں آگ لگی ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ موقع پر پہنچی اور 2 گھنٹے میں آگ پر قابو پایا۔ہلاک ہونے والے سب لوگ مقامی شہری ہی تھے۔
شراب کے نشے میں دھت اور رقص و موسیقی کے شور کے باعث متعدد لوگوں کو شروع میں پتہ ہی نہ چلا کہ کیا ہوا ہے اور جب صورتحال کی سنگینی کا معلوم ہوا تو اس وقت تک بہت دیر ہوچکی تھی اور آگ نے باہر نکلنے کے رستے بند کر دیئے تھے۔
پولیس نے آگ لگنے کی وجہ معلوم کرنے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ تھائی وزیراعظم جنرل برایوت چن اوچا نے ملک بھر میں کلبز کے مالکان سے کہا ہے کہ اپنے ہاں ہنگامی اخراج کے رستے بنائیں۔

 

#bankok#caughtfire#fire#nightclub#pakturkenws#Thailand