واشنگٹن (پاک ترک نیوز) امریکہ نے دوسری چینی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی چائنا یونی کوم پر بھی اہم قومی راز چوری کرنے اور جاسوسی کے الزامات لگاتے ہوئے کمپنی کو آئندہ 60 دنوں میں کام بند کر دینے کی ہدایت کر دی ہے۔
امریکہ کے فیڈرل کمیونیکیشن کمیشن (ایف سی سی) نے گذشتہ روز جاری ہونے والے بیان میںکہا ہے کہ اس نے کمپنی کے امریکی یونٹ کی امریکہ میں کام کرنے کی اجازت کو منسوخ کرنے کے لیے متفقہ طور پر ووٹ دیا ہے۔اب فرم کو 60 دنوں کے اندر امریکہ میں ٹیلی کام خدمات فراہم کرنا بند کر دینا چاہیے۔
قبل ازیں کمیشن نے سب سے بڑی چینی ٹیلی کام کمپنی چائنا ٹیلی کام کا امریکہ میں کام کرنے کا لائسنس اکتوبر 2021 میں منسوخ کر دیاتھا۔
ایف سی سی کی چیئر پرسن جیسیکا روزن ورسل نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس بات کےبہت زیادہ شواہد ملے ہیں کہ کمپنی جاسوسی کی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ اور اس کے ساتھ یہ بڑھتی ہوئی تشویش ہے کہ چینی سرکاری کیریئرز ہمارے ٹیلی کمیونیکیشن نیٹ ورکس کی سلامتی کے لیے حقیقی خطرہ ہیں۔
جبکہ چائنا یو نی کوم نے ایف سی سی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہےکہ اسکے امریکی یونٹ کا "متعلقہ امریکی قوانین اور ضوابط کی تعمیل کرنے اور گزشتہ دو دہائیوں میں اپنے صارفین کے قابل اعتماد شراکت دار کے طور پر ٹیلی کمیونیکیشن خدمات اور حل فراہم کرنے کا بہت اچھا ریکارڈ ہے”۔