حملے کے بعد دوبارہ سے لانگ مارچ جوائن کرنے کیلئے بے تاب ہوں،عمران خان

لاہور(پاک ترک نیوز) سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد دوبارہ سے لانگ مارچ جوائن کرنے کیلئے بیتاب ہوں۔سیاست میں جب سے آیا تب سے جان کو خطرہ ہے اور اب مرنے کے خوف پر قابو پالیا۔
برطانوی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ میری اہلیہ کو مجھ پر حملے کا ٹی وی سے پتا چلا، اہلیہ کو لگا میں ٹھیک ہوں، انھیں اندازہ نہیں تھا کہ مجھے 3 گولیاں لگی ہیں، قاتلانہ حملے میں بچنا بہت مشکل تھا، خوش قسمتی سے بچ گیا ہوں، قاتلانہ حملے کی منصوبہ بندی کرنے والے اب بھی طاقتور عہدوں پر ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ احتجاج کرنا ہمارا آئینی حق ہے کیونکہ چوروں کا ٹولہ ہم پر مسلط کیا گیا، ملک میں ناانصافی کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں، راولپنڈی اپنی قوم کیلئے جا رہا ہوں اور جلسے کا مقصد پیغام دینا ہے کہ قوم جاگ گئی ہے اور اسے آزاد کیا جائے۔
ایک سوال کے جواب میں سابق وزیراعظم نے کہا کہ فوری انتخابات کا انعقاد نہیں ہوتا تو مجھے فرق نہیں پڑتا، ہماری مقبولیت میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے، ملک بھی میرا اور فوج بھی میری ہے۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ وزیر آباد میں فائرنگ مجھ پر پہلا قاتلانہ حملہ نہیں، سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورہ کے دوران میرے ہیلی کاپٹر کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی، پائلٹس نے مجھے بتایا ہیلی کاپٹر کے فیول میں گڑ بڑ کی گئی تھی۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ رجیم چینج سازش کی وجہ سے امریکا سے تعلقات نہیں توڑ سکتا، امریکا اور پاکستان کے تعلقات ہمارے لئے بہت اہم ہیں۔

@imrankhan#chairmanti#imrankhanattack#longmarch#PakTurkNews#pti#ptijalsa#rawalpindi