دہشت گردی کا مقدمہ، عمران خان نے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائرکردی

 

اسلام آباد(پاک ترک نیوز)سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے دہشت گردی کے مقدمہ میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کر دی۔
سابق وزیراعظم عمران خان مشیر قانونی امور بابر اعوان اور ایڈووکیٹ فیصل چوہدری کے ذریعے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی گئی۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف گزشتہ روز دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا لیکن درخواست گزار کا ماضی کا کوئی کرمنل ریکارڈ بھی نہیں ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کرے، کیس میں شامل تفتیش ہونے کے لیے تیار ہوں۔
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر رجسٹرار آفس نے تین اعتراض بھی عائد کر دیے ہیں۔
ذرائع رجسٹرار آفس کے مطابق عمران خان نے بائیو میٹرک نہیں کروایا، انسداد دہشت گردی عدالت میں جانے کی بجائے ہائی کورٹ کیسے آ گئے؟ دہشت گردی کے مقدمہ کی مصدقہ نقل فراہم نہیں کی گئی۔
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے پیش نظر بڑی تعداد میں کارکن اور پی ٹی آئی رہنما بنی گالہ میں موجود ہیں جن میں فواد چودھری، اسد عمر، مراد سعید، فیصل جاوید، زلفی بخاری اور شہریار آفریدی موجود ہیں، بنی گالا چوک پرجمع کارکنان نے صبح نان چنے کے ساتھ سڑک پر ہی ناشتہ کیا۔

 

@imrankhan#asadumer#banigala#chairmanpti#highcourt#islamabad#PakTurkNews#ptichairman#socialmedia