راولپنڈی (پاک ترک نیوز) راولپنڈی کی اینٹی کرپشن عدالت نے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دےدیا۔ توہین عدالت کی کارروائی کی درخواست مسترد کردی گئی۔
تفصیلات کےمطابق اینٹی کرپشن عدالت میں وزیرداخلہ رانا ثنااللہ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ اینٹی کرپشن ٹیم نے عدالت سے رانا ثنا اللہ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کرنے کی استدعا کی۔
اینٹی کرپشن ٹیم نے موقف اختیار کیا کہ رانا ثنا اللہ عدالت میں پیش ہو رہے ہیں نہ ہی گرفتاری دے رہے ہیں اس لیے ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے۔
عدالت نے اینٹی کرپشن حکام کی جانب سے راناثنااللہ کےخلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔عدالت نے اینٹی کرپشن ٹیم کو راناثنااللہ کی گرفتاری کےلیے کوشش جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ راولپنڈی کی جانب سے اینٹی کرپشن انکوائری میں حاضر نہ ہونے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔
پنجاب پولیس اور اینٹی کرپشن سیل ان کی گرفتاری کے لیے راولپنڈی سے اسلام آباد تھانہ سیکٹریٹ پہنچے تھے۔ لیکن تھانی سیکرٹریٹ کے عملے نے گرفتاری میں تعاون نہیں کیا۔