روسی گیس کی ممکنہ مکمل بندش کی تیاری کیلئے ہنگامی منصوبہ بندی کی ضرورت ہے،سربراہ یوروپی کمیشن

اسٹراسبرگ (پاک ترک نیوز)
یوروپی کمیشن کی سربراہ ارسلا وان ڈیر لیین نے کہاہے کہ 27 ممالک پر مشتمل یورپی یونین کو یوکرین میں کریملن کی جنگ کے تناظر میں روسی گیس کی مکمل کٹوتی کی تیاری کے لئے ہنگامی منصوبے بنانے کی ضرورت ہے۔
وہ بدھ کے روز یہاں یورپی یونین کے فرانسیسی نمائندوں سے گفتگو کر رہی تھیں، انہوں نے کہا کہ ہمیں گیس کی فراہمی میں مزید خلل ڈالنے اور یہاں تک کہ روسی گیس کی سپلائی کو مکمل طور پر منقطع کرنے کے لیے بھی ابھی سے تیاری کرنے کی ضرورت ہے۔
یورپی یونین پہلے ہی روس پر پابندیاں عائد کر چکی ہے۔ اور وہ کریملن کے زیر کنٹرول گیس کی ترسیل سے دور ہو رہی ہے۔ لیکن یورپی یونین کی ایگزیکٹو برانچ کی سربراہ نے کہا کہ بلاک کو ماسکو سے آنے والے صدموںکو برداشت کرنے کے لیے تیار رہنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک درجن ممبران پہلے ہی روسی گیس کی سپلائی میں کمی یا مکمل کٹوتیوں کا شکار ہو چکے ہیں کیونکہ یوکرین کے حملے پر ماسکو کے ساتھ سیاسی تعطل شدت اختیار کر رہا ہے۔انکا کہنا تھا کہ یہ واضح ہے کہ پوٹن توانائی کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا جاری رکھے ہوئے ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کمیشن یورپی ہنگامی منصوبے پر کام کر رہا ہے۔
یوروپی یونین کے ممالک نے پچھلے مہینے پہلے ہی اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ 27 ممالک کے بلاک میں تمام قدرتی گیس کے ذخیرے کو اگلی سردیوں کے لئے کم از کم 80 فیصد تک بڑھایا جانا چاہئے تاکہ سردی کے موسم میں قلت سے بچا جاسکے۔ نئے ضابطے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ 2023-24 کے موسم سرما سے قبل یورپی یونین میں زیر زمین گیس کے ذخیرہ کو 90 فیصد تک بھرنے کو یقینی بنایا جائے۔

#europecommision#europeunion#PakTurkNewsGasrussia