روس نے یوکرین پر حملہ کردیا

کیف (پاک ترک نیوز) روس نے یوکرین پر حملہ کردیا ۔ یوکرین کے دارالحکومت کیف سمیت دیگر شہروں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں ۔
تفصیلات کے مطابق روس نے یوکرین کے دارالحکومت کیف کے علاوہ شاحلی شہر وڈیسا اور کراماتورسک پر بھی فضائی حملے کئے ۔ حملوں کے نتیجے میں متعدد مقامات پر زور دھماکے سنے گئے ہیں ۔ روسی فوج نے یوکرین کے میزائل اڈوں کو بھی نشانہ بنایا ہے ۔ روس کے یوکرین پر حملے کے نتیجے میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے ۔
روسی صدر پیوٹن نے یوکرین کے خلاف سپیشل آپریشن کا اعلان کیا تھا، انہوں نے عالمی طاقتوں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ روس، یوکرین آپریشن میں بیرونی مداخلت پرجواب دےگا۔
یوکرین کے وزیر خارجہ نے روسی حملے پر شدید ردعمل دیا ہے، انہوں نے کہا کہ روس نے یوکرین پر بڑے پیمانے پر حملہ کیا، یوکرین اپنا دفاع کرے گا، فتح ہماری ہوگی۔ یوکرینی وزارت داخلہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ روس نے بیلسٹک اور کروز میزائلوں سے حملہ کیا ہے، دارالحکومت کیف، ماریوپول، اڈیسا اور دیگر شہروں پر حملے ہوئے ہیں۔
روسی سفیر برائے اقوام متحدہ نے سلامتی کونسل کو مشرقی یوکرین پر حملے سے آگاہ کر دیا، ان کا کہنا تھا کہ یو این چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت روس کا آپریشن درست ہے۔
اُدھر روس کے یوکرین پر حملے کے بعد سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس جاری ہے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے خطے کی بگڑتی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیوٹن اپنے فوجیوں کو یوکرین پر حملے سے روکیں۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے یوکرین پر روسی حملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ روسی اقدام تباہ کن انسانی نقصان کا سبب بنےگا، یوکرین حملے پر دنیا روس کو جوابدہ ٹھہرائے گی، روسی اقدامات پر مضبوط اور متحد ردعمل کیلئے نیٹو سے رابطہ کریں گے۔ نیٹو چیف نے بھی روس کےیوکرین کےخلاف ملٹری آپریشن کوغیرذمہ دارانہ اور بلا اشتعال اقدام قرار دیتے ہوئے مذمت کی ہے۔
یوکرین کیخلاف روسی حملے کے بعد تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا، 7 سال بعدخام تیل کی قیمت 100 ڈالرفی بیرل سے تجاوز کر گئی۔

#attack#oilprice#PakTurkNews#ukrainerussia