روس کو یوکرین پر جارحیت کا بھاری خمیازہ بھگتنا پڑے گا ،امریکی صدر

واشنگٹن (پاک ترک نیوز) امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ روس کو یوکرین پر جارحیت کا بھاری خمیازہ بھگتنا پڑے گا ۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے خبردار کیا ہے کہ یوکرین پر جارحیت کی صورت میں نہ صرف روس پر معاشی، تجارتی اور سفری پابندیاں لگائیں بلکہ صدر ولادیمیر پوٹن بھی اپنی ذات پر امریکی پابندیوں کے لیے تیار رہیں۔
جوبائیڈن نے یہ واضح نہیں کہ روس صدر کی ذات پر کس قسم کی پابندیاں عائد ہوسکتی ہیں۔ اس سے قبل امریکا ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ خامہ ای پر بھی پابندیاں عائد کرچکا ہے جس میں اکاؤنٹ منجمد اور سفری پابندی شامل تھی۔
امریکا اور برطانیہ کی جانب سے یوکرین پر روسی فوج کے حملے کے خدشے کا اظہار کیا جاتا ہے اور دونوں ممالک نے یوکرین سے اپنے سفارت کاروں کے اہل خانہ کو واپس وطن بلانے کے علاوہ سفارت خانے کے عملے کو بھی کم کردیا ہے تاہم روس نے امریکا اور برطانیہ کے ان الزامات کو یورپی سرحد پر نیٹو افواج کی تعیناتی کا بہانہ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے اور مغربی ممالک سے یوکرائن مسئلے میں داخلت نہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ روس کے حملے کے پیش نظر امریکا کی جانب سے مہلک ہتھیاروں کی پہلی کھیپ یوکرین پہنچ گئی ہے اور نیٹو افواج بھی یوکرین روسی سرحد کی جانب پیش قدمی کر رہی ہیں۔

#joebiden#PakTurkNews#ukrain#vladimirputinAmericarussia