روس کی جرمنی کو وارننگ

ماسکو(پاک ترک نیوز) جرمنی کی جانب سے نارڈ سٹریم 2 منصوبے کی سرٹیفیکیشن کو روکنے کافیصلہ بین الاقوامی تجارتی قوانین کے منافی ہے ۔جس سے روس-جرمن تعلقات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔
روس کی جانب سے یہ تنبیہ وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخروا نے گذشتہ روزجاری کئے گئے بیان میں کی ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ ہم یہآگاہ کرنا چاہتے ہیں کہ برلن کے اس منصوبے کو روکنے کے فیصلے کے نتیجے میں روسی جرمن تعلقات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔اور ایک قابل اعتماد غیر ملکی اقتصادی شراکت دار کے طور پر جرمنی کی ساکھ پر سوالیہ نشان ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم سمجھتے ہیں کہ جرمن حکام کا نارڈ سٹریم 2 گیس پائپ لائن منصوبے کی سرٹیفیکیشن کے عمل کو ختم کرنے کا فیصلہ بین الاقوامی تجارتی قانون اور تجارتی اصولوں کے نقطہ نظر سے ناقابل قبول ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ "ہم سمجھتے ہیں کہ یہ تجارتی منصوبے کو ہمارے خلاف سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی ایک بدترین مثال ہے۔
روسی وزارت خارجہ کے مطابق نارڈسٹریم2 منصوبے کی سرٹیفکیشن روکنے کے احکامات جرمن ریگولیٹر کو وزارت برائے اقتصادی امور و موسمیاتی ایکشن کی طرف سے دیئے گئے تھے۔جبکہ پہلے یہ یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ سرٹیفیکیشن کا عمل خصوصی طور پر ریگولیٹری نوعیت کا ہے اور اسے کسی بھی طرح سے سیاسی صورتحال سے منسلک نہیں کیا جا سکتا۔مگر اب اس خالصتاً کاروباری معاملے کو روس پر دباؤ ڈالنے کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے۔ اور معیشت پر سیاست کو ترجیح کا یہ طرز عمل روس کے لئے کسی صورت قابل قبول نہیں۔

#germany#PakTurkNewsrussia