ماسکو(پاک ترک نیوز)
روسی افواج نے یوکرین کے شہروں کا مکمل محاصرہ کر لیا ہے جس کیلئے جدید مزائل بھی نصب کیے گئے ہیں۔ سخت محاصرے کی وجہ سے ماریوپول شہرسے شہریوںکے انخلا کی دوسری کوشش بھی ناکام ہوگئی۔
ایسے میں وال سٹریٹ جرنل نے امریکی حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ روس یوکرین پر اپنے حملے کو تیز کرتے ہوئے تجربہ کار شامی جنگجووٗں کو بھرتی کررہا ہے۔ شامی جنگجووٗں کو شہروں کے گلی کوچوں میں لڑائی کیلئے استعمال کیا جائےگا۔
ماسکو نے شامی جنگجووٗں کو اس امید پر بھرتی کیا ہے کہ وہ کیف پر قبضہ کرنے میں روسی افواج کی مدد کر سکیں۔2015میں روس شام کی خانہ جنگی میں بشار الا سد کو بچانے کیلئے کود پڑا جس نے جنگ کا رخ موڑ دیا اور مغرب نواز باغی ملیشیاوں اور داعش کوشکست دینے میں مدد ملی۔
روس یوکرین تنازعے میں غیر ملکی جنگجووں کا کردار:
غیر ملکی جنگجو پہلے ہی یوکرینی تنازعے میں داخل ہو چکے ہیں۔یوکرین کے وزیرخارجہ نے حال ہی میں دعویٰ کیا کہ 50سے زائد ممالک سے تقریبا بیس ہزار غیر ملکی جنگجو یوکرینی فوج کی مددکیلئے پہنچ رہے ہیں۔اس سے قبل سابق امریکی فوجیوں کی جانب سے بھی یوکرین تنازعہ میں روسی جارحیت کے خلاف لڑنے کیلئے آمادگی کا اظہار کیا تھاجبکہ اب روس کی جانب سے شامی جنگجو وٗں کو بھرتی کیا جارہا ہے۔ بعض ماہرین کے مطابق شام میں کامیابی سے جنگ لڑنے والے تجربہ کار ایرانی ملیشیا کے ارکان بھی جلد روس کی جانب سے تنازعہ میں شامل ہو سکتےہیں