بیجنگ (پاک ترک نیوز)سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے چین میں ایک ریفائننگ اور پیٹرو کیمیکل کمپلیکس کے قیام کے لئے 10 ارب ڈالر کا معاہدہ کیا ہے۔ اور چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات میں انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں پر زور دیاہے۔
سعودی ولی عہد ایک اعلیٰ سطحی سعودی وفد، جس میں سرکاری تیل کی کمپنی سعودی آرامکو کے اعلیٰ افسران بھی شامل ہیںکے ہمراہ گذشتہ روز چین کے دورے پر پہنچے تھے ۔چینی اور سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی عرب نے دورے کے دوران مشترکہ سرمایہ کاری فورم میں چین کے ساتھ 28 ارب ڈالر مالیت کے 35 اقتصادی تعاون کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔
صدر شی نے صحافیوں کے سامنےسعودی ولی عہد سے کہا کہ چین سعودی عرب کا ایک اچھا دوست اور شراکت دار ہے اور رہے گا۔ ہمارے دوطرفہ تعلقات کی خصوصی نوعیت آپ کی کوششوں کی عکاسی کرتی ہے۔اس موقعہ پرسعودی ولی عہد نے کہا کہ چین کے ساتھ سعودی عرب کے تعلقات بہت پرانے ہیں۔اور اگر یہ کہا جائے کہ ہمارے تجارتی تعلقات ہزاروں سال پر محیط ہیںتو غلط نہیں ہوگا۔اور ہم انہیں تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لئے پر عزم ہیں۔