ریاض (پاک ترک نیوز)فلائٹس کی بندش کی وجہ سے سعودی عرب واپس نہ پہنچنے والے اقامہ ہولڈرز کے لئے بڑی خوشخبری ہے کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے حکم پر سعودی عرب سے باہر تمام اقامہ ہولڈرز کے اقاموں کی میعاد میں توسیع کے علاوہ چھٹی کی مدت کو بھی بڑھا دیا گیا ہے۔
سعودی عرب کے محکمہ جوازات کی جانب سے شاہی فرمان پر عملدرآمد کرتے ہوئے تمام اقامہ ہولڈرز کے اقاموں میں توسیع کے علاوہ تعطیلات میں 31 جولائی تک بلامعاوضہ اضافہ کر دیا گیا ہے ۔ اسی طرح وزٹ ویزوں اور خروج و عودہ کی مدت میں بھی توسیع کی گئی ہے ۔ یہ توسیع خود کار نظام کے تحت 31 جولائی 2021 تک کسی فیس یا چارجز کے بغیر ہوگی۔سعودی حکومت اقاموں اور ویزوں میں توسیع کورونا وائرس کے مسائل سے نمنٹے کی سرکاری پالیسی کے تحت کر رہی ہے۔
محکمہ پاسپورٹ نے کہا ہے کہ اقاموں اور ویزوں میں توسیع نیشنل انفارمیشن سینٹر کے تعاون سے خود کار نظام کے تحت ہوگی ۔ اس کے لیے کسی کو دفاتر سے رجوع نہیں کرنا پڑے گا۔اس سے قبل پابندی والے ممالک میں مقیم افراد کے اقاموں، وزٹ ویزوں اور خروج وعودہ میں دو جون 2021 تک توسیع کی گئی تھی۔
تاہم ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کیا گیا ہے کہ پاکستان سمیت دیگر ممالک کے لئے فلائٹس کی معطلی کو کب بحال کیا جائے گا۔