سعودی عرب کا خطبہ حج کا ترجمہ اردو سمیت 14زبانوں میں کرنے کا اعلان

ریاض(پاک ترک نیوز) سعودی عرب حکومت نے حج کے خطبے کا اردو سمیت 14 زبانوں میں ترجمہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
حرمین شریفین انتظامیہ نے مسجد الحرام میں عازمین حج کو مذہبی یا حج سے متعلق سوالات کے جواب دینے کے لیے روبوٹ گائیڈ متعارف کرا دئیے۔ روبوٹ گائیڈ اردو، عربی، انگریزی، فرانسیسی، روسی، فارسی، ترکی، ملاوی، بنگالی، چینیِ اور ہوساوی زبانوں میں عازمین کو سوالوں کے جواب دیں گے۔
حرمین شریفین کے امورکے نگراں ادارے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق عازمین حج اوردنیا بھر کے مسلمانوں کی سہولت کے لئے خطبہ حج کا اردو سمیت 14 زبانوں میں ترجمہ کیا جائے گا۔خطبہ حج ہرسال کی طرح مسجد نمرہ عرفات سے دیا جائے گا۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی جانب سے ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کو حج 2022 کے لیے خطیب مقرر کیا گیا ہے۔حرمین شریفین کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پرجاری پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم نو ذوالحج کو عرفات کی مسجد نمرہ میں حج کا خطبہ دیں گے۔

#FarewellSermon#PakTurkNews#riyadh#saudiarabiaHajj