اسلام آباد(پاک ترک نیوز) سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سیاسی بحران کے خاتمے کیلئے فوری صاف اور شفاف الیکشن کروائے جائیں۔چیف الیکشن کمشنر نے پوری کوشش کی (ن) لیگ کو جتوانے کی۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ سیاسی بحران ختم کرنے کا صرف ایک ہی راستہ ہے اور وہ صاف اور شفاف انتخابات ہیں۔
پنجاب کے ضمنی انتخابات میں پارٹی کی کامیابی کے بعد اپنے پہلے عوامی خطاب میں کہا ہے کہ کامیابی پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں قوم کے اندر ایک بیداری دیکھ رہا ہوں اور جیسا الیکشن انہوں نے پنجاب میں کروایا ہے اگر آئندہ بھی ایسے ہی الیکشن ہوئے تو بحران بڑھے گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم ڈھائی برس آئی ایم ایف کے ساتھ تھے اور ہم بھی مجبور تھی لیکن اس دوران ساری چیزیں مثبت تھیں، ہمارے دور میں لارج سکیل مینوفیکچرنگ بڑھی جس سے روزگار بڑھا۔
عمران خان نے کہا کہ بیرونی سازش کے تحت ہم پرامپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی اور اب قوم نے ثابت کردیا کہ ہم کسی کی غلامی کے لیے تیار نہیں ہیں، جب ہم ایک قوم بن جائیں گے تو ہمارے سارے مسائل حل ہوجائیں گے۔
عمران خان نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ کہتے ہیں کہ پاکستان پر مرنے کے لیے تیار ہیں لیکن ان کا سب کچھ ملک سے باہر ہے، جب تک سیاسی بحران ختم نہیں ہوگا تب تک ملک ترقی نہیں کرسکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ’ان لوگوں‘ کو آگاہ کیا تھا کہ عالمی سطح پر مہنگائی ہے اور ایسے حالات میں حکومت گرائی گئی تو ملک میں معاشی بحران پیدا ہوجائے گا لیکن ہماری حکومت کے لیے مصنوعی سیاسی بحران پیدا کیا گیا۔
تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ حکومت میں آنے کے بعد انہوں نے 1100 ارب روپے کے کیسز معاف کرادیے لیکن میں واضح کردوں کہ میں اس اقدام کے خلاف سپریم کورٹ جارہا ہوں۔