شمالی آئرلینڈ اسمبلی کے انتخابات میں بڑا اپ سیٹ۔آئرش قوم پرست پارٹی سین فن سب سے بڑی جماعت بن گئی

لندن (پاک ترک نیوز)
برطانیہ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے ساتھ ساتھ شمالی آئرلینڈ کی اسمبلی کے الیکشن میں بھی غیر متوقع نتائج سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے ۔اور سب سے بڑا اپ سیٹ آئرش قوم پرست پارٹی سین فن کا شمالی آئرلینڈ کی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آنا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق جمعہ کی شب دیر گئے تک موصول ہونے والے انگلینڈ، ویلز اور سکاٹ لینڈ کے بلدیاتی انتخابات میں حکمران کنزرویٹو پارٹی (ٹوریز) کو لیبر پارٹی کے ہاتھوں شکست کا سامنا ہے ۔اور تینوں صوبوں کی لگ بھگ 200کونسلوں میں ٹوریز کو 488نشتوں پر لیبر پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کے ہاتھوں شکست کا سامنا ہےجبکہ ابھی 12کونسلوں کے نتائج آنا باقی ہیں۔ وزیر اعظم بورس جانسن نے اس شکست کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے نتائج کی رات کو پارٹی کے لئے مشکل رات قرار دیا۔
تاہم شمالی آئرلینڈ اسمبلی کے الیکشن میں سین فن اسمبلی کی 90نشستوں میں سے موصول ہونے والے 45سیٹوں کے نتائج میں 18سیٹوں کے ساتھ سر فہرست ہے ۔سین فن کو مجموعی طور پر پہلی ترجیح کے ووٹوں میں 29فیصد ووٹوں کے ساتھ اپنی قریب ترین برطانوی حمایت یافتہ یونی نیسٹ پارٹی پر 8فیصد ووٹوں کی برتری حاصل ہے۔ جبکہ شمالی آئر لینڈ اسمبلی کے مکمل نتائج آج شام تک متوقع ہیں۔

#elecations#ireland#PakTurkNewsLondon