اسلام آباد(پاک ترک نیوز) پی ٹی آئی رہنما شہبازگل کا پمز ہسپتال اسلام آباد میں طبی معائنہ ہو گیا۔ پی ٹی آئی رہنما کو ہسپتال میں رکھنے کے مشورے کے ساتھ ملاقاتوں پر پابندی لگا دی گئی۔
تفصیلات کےمطابق اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں داخل شہباز گل کا شوگر اور بلڈ ٹیسٹ ہوچکا ہے، میڈیکل بورڈ کے ارکان کی تعدا د چار سے بڑھا کر چھ کردی گئی ہے۔ انہیں ڈاکٹرز کے مشورے کے بعد ہی ڈسچارج کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا، ڈاکٹر خالد مسعود کا کہنا ہے کہ شہبازگل کو دمے اور فوبیا کا مرض لاحق ہے۔
ڈاکٹرز کے مطابق شہباز گل کو پہلے سے سانس کی تکلیف تھی، پی ٹی آئی رہنما کا کافی وقت سے سانس کی تکلیف کا علاج چل رہا ہے تاہم مکمل چیک اپ کے بعد اب ان کی صحت تسلی بخش بتائی گئی ہے۔
ان کی میڈیکل رپورٹ سیشن عدالت میں جمع کروا دی گئی جس کے مطابق ان کو سانس لینے میں مسئلہ، جسم میں درد ، ایکس رے ، خون اور دل کا ٹیسٹ کرنا ضروری قرار دیا گیا ہے جس کیلئے مزید طبی معائنے کی ضرورت پڑسکتی ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز پی ٹی آئی رہنما کو ہائی الرٹ سکیورٹی میں اسلام آباد کے پمز ہسپتال لایا گیا تھا۔ پمز ہسپتال میں میڈیکل ٹیم تشکیل دی گئی تھی جس میں دل، پھیپھڑوں کے ماہرین اور میڈیکل آفیسر شامل تھے۔