غلاف کعبہ کو تبدیل کر دیا گیا ،روح پرور تقریب آٹھ گھنٹے سے زائد جاری رہی

مکہ مکرمہ (پاک ترک نیوز)
لگ بھگ پانچ صدیوں سے جاری روایت سے ہٹ کر غلاف کعبہ کی تبدیلی کی تقریب ہفتہ کی شب 12بجے نئے اسلامی سال 1444ھ کے پہلے د ن یکم محرم الحرام کے آغاز پر منعقد ہوئی۔ اس سے قبل غلاف کعبہ (کِسوۃ) ہر سال حج کے دوران 9 ذوالحجہ کی صبح کو حجاج کے میدان عرفات روانہ ہونے کے بعد تبدیل کیا جاتا تھا۔

گزشتہ ماہ حرمین شرفین کی انتظامیہ نے روایت کی تبدیلی کے حوالے سے اعلان کیا تھا کہ غلاف کعبہ تبدیل کرنے کی سالانہ تقریب یکم محرم کو منعقد ہوگی۔حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس نے کہا تھا کہ شاہی فیصلے کے تحت تبدیلی پر عمل درآمد کیا گیا ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق کِسوۃ کی تبدیلی شیخ السدیس کی سربراہی میں شاہ عبدالعزیز کمپلیکس کے 200 افراد پر مشتمل تکنیکی عملے نے کی۔


نیا غلاف کعبہ حسب دستور چار برابر پٹیوں اور ستار الباب پر مشتمل ہے۔
غلاف کعبہ تبدیلی کے عمل کے دوران سب سے پہلے باب کعبہ کا غلاف ستار الباب اتارا جاتا ہے۔ پھرکعبہ کی چاروں دیواروں کے ہر ایک حصے کو علیحدہ علیحدہ کعبہ کی چھت پر لایا جاتا ہے ۔ پرانے غلاف کے ایک ایک حصے کو باری باری کعبہ شریف کی چھت پر موجود ہکوں سے کھول لیا جاتا ہے اور انکی جگہ نئے غلاف کو نئے ریشمی رسوں کی مدد سے کعبہ کی چھت سے باندھ دیا جاتا ہے ۔ تب ایک ہی وقت میں پرانے غلاف کےاس حصے کو اوپر اٹھاتے ہوئے نئے غلاف کے حصےکو اس طرح نیچے لٹکایا جاتا ہے کہ بیت اللہ کی دیوار ہمہ وقت غلاف سے ڈھکی رہے۔ یہ عمل چار مرتبہ باری باری دہرایا جاتا ہے جب تک کہ نیا غلاف چڑھا نہ دیا جائے اور پرانا اتر نہ جائے۔بعد ازاں غلاف کے زیریں حصے کے ساتھ منسلک کردہ تانبے کے کڑوں کوکعبہ کی دیوار کے ساتھ زمین میںگڑے ہوئے تانبے کے ہکوں میں ڈال دیا جاتا ہے۔ جس کے بعد اختتامی مرحلے سے قبل شاہ عبدالعزیز کمپلیکس کے ماہر درزی خصوصی طور پر تیار کردہ کالے ریشمی دھاگے کی مدد سے غلاف کعبہ کو بیت اللہ کے چاروں کونوں سے سلائی کر کے جوڑنے کا عمل مکمل کرتے ہیں ۔ جبکہ غلاف کعبہ کی تبدیلی کے آخری مرحلے میں بیت اللہ شریف کے دروازےباب کعبہ کا غلاف ستار الباب کی سلائی غلاف کعبہ کے ساتھ سونے کی تاروں کی مدد سے کی جاتی ہے۔کسوۃ کی تبدیلی کا عمل مکمل ہونے پر نئے غلاف کو اسکے مخصوص عطر سے معطر کر دیا جاتا ہے۔

یاد رہے کہ روایتی طور پر کعبہ کے اترنے والے غلاف کے ٹکڑے کر کے تمام اسلامی ممالک کی حکومتوں کو بطور تحفہ بھیجا جاتا ہے جبکہ تحریر کے بغیر چھوٹے ٹکڑے حجاج کرام کو بھی بطور تحفہ دیئے جاتے ہیں۔

#madianamunawara#makkahmukarama#Masjid al-Haram#PakTurkNews#riyadh#saudiarabiaHajjUmrah