باکو (سید رضا / پاک ترک نیوز) آذربائیجان بارڈر فورسز نے کہا ہے کہ ایران کی سرحد پر کسی بھی تیسرے ملک کی فورسز موجود نہیں ہیں ، ایرانی حکام ذمہ داری کا مظاہرہ کریں ۔
آذربائیجان بارڈر فورسز کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی سرحدی محافظوں کے کمانڈر جنرل علی گدارزی نے ایرانی ذرائع ابلاغ کو آذربائیجان سے متعلق غیر حقیقی بیانات جاری کیے ہیں ۔ آذر بائیجان بارڈر سیکیورٹی سرکاری سطح پر یہ اعلان کرتی ہے کہ آذربائیجان کی سرحد پر نہ تو پہلے کبھی کسی بھی تیسرے ملک کی فورسز موجود رہیں ، نہ اب ہیں اور نہ ہی آئندہ ہوں گی ۔
آذربائیجان نے اپنی سرزمین کے ایران کے خلاف جاسوسی کے لیے استعمال کیے جانے سے متعلق دعوؤں کی تردید کی اور کہا ہے کہ آذربائیجان کی سرحد پر یا پھر سرحدی محافظ اداروں میں غیر ملکی فورسز یا ماہرین موجود نہیں ہیں ۔ آذربائیجان کی سرحدی فورسز کو بیرونی طاقتوں کی ضرورت نہیں ہے ۔
یاد رہے کہ ایران کی جانب سے مسلسل دعویٰ کیا جارہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے آذربائیجان کی سرزمین کو جاسوسی اور حملے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے ۔اس دعوے کو آذربائیجان مسترد کرتاآرہا ہے ۔ آذربائیجان کے ہاتھوں نگورونو -کاراباخ میں آرمینیا کی شکست کے بعد ایران نے ناصرف آرمینیا سے تعلقات بڑھائے ہیں بلکہ یہ خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے کہ آرمینیا نگورنو -کاراباخ پر دوبارہ قبضے کے لیے ایران کا تعاون چاہتا ۔