ابوظہبی(پاک ترک نیوز)
فیڈریشن آف عرب نیوز ایجنسیز (فانا) کی جنرل اسمبلی کی 49ویں کانفرنس آج سے ابوظہبی میں شروع ہورہی ہے۔جو دو روز جاری رہے گی۔
اسمبلی رواداری کے کلچر کو فروغ دینے میں خبر رساں اداروںکے کردار پر توجہ دے گی۔ فورم کے دوران، عرب اور یورپی خبر رساں اداروں کی نمائندگی کرنے والے مندوبین تعاون کو وسعت دینے، معلومات کے تبادلے، تصاویر اور ویڈیو فوٹیج اور پیشہ ورانہ دلچسپی کے دیگر امور پر اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔
افتتاحی کلمات امارات نیوز ایجنسی (ڈبلیو اے ایم) کے ڈائریکٹر جنرل محمد جلال الریسی اور سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے صدر فہد بن حسن العقران پیش کریں گے، جو فیڈریشن آف عرب نیوز ایجنسیز (فانا) کے صدر بھی ہیں۔ .
کانفرنس کے دوران منعقد ہونے والے علمی و پیشہ ورانہ مباحثوں میں برطانیہ کے پی اے میڈیا، جرمنی کےڈی پی اے، بلغاریہ کی خبر رساں ایجنسی (بی ٹی اے)،روسی خبر رساں ادارے تاس اور یوروپی الائنس آف نیوز ایجنسیز (ای اے این اے) کے سربراہان شرکت کریں گے۔ جبکہ اسمبلی کا اختتامی اجلاس 17 نومبر کو ہوگا۔
فانا کی تنظیم 1975 میں بنائی گئی تھی۔ اس کا صدر دفتر لبنان میں ہے۔ اس وقت یہ تنظیم 18 عرب ممالک کی خبر رساں ایجنسیوں کو اکٹھا کرتی ہے۔ اس کا مقصد ان ایجنسیوں کے درمیان پیشہ ورانہ تعلقات کو مضبوط بنانا، ان ممالک میں خبروں کی بہتر کوریج کو یقینی بنانا اور پوری دنیا میں عرب خبروں کو پھیلانے میں مدد کرنا ہے۔