فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے ترک صدر رجب طیب ایردوان کو ایک خط بھیجا ہے جس میں رواں سال یورپ میں معاشی اور سیاسی استحکام کے لئے مدد طلب کی ہے۔
اپنے خط میں میکرون نے کہا ہے کہ یورپ میں امن و استحکام ترکی کی مدد سے ہی واپس آ سکتا ہے۔
فرانسیسی میڈیا کے مطابق صدر ایردوان کو بھیجے گئے خط میں میکرون نے انتہائی سنجیدہ الفاظ کا انتخاب کیا ہے۔ خط کا آغاز "ڈیئر طیب” سے کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے بھی فرانسیسی صدر دسمبر میں ایردوان کو ایک خط لکھ چکے ہیں۔ فرانسیسی صدر نے کورونا وائرس کی عالمی وبا سے نمٹنے کے لئے بھی مشترکہ کوششیں کرنے پر زور دیا۔
فرانسیسی میڈیا کے مطابق صدر ایمانویل میکرون نے صدر ایردوان کے ساتھ ویڈیو لنک کے ذریعے بات چیت کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ فرانسیسی صدر میکرون کے اسلام مخالف بیانات کے بعد صدر ایردوان نے میکرون پر کھل کر تنقید کی اور فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان بھی کیا جس پر تمام مسلم ممالک میں صدر ایردوان کے اعلان پر لبیک کہا گیا۔