اسلام آباد(پاک ترک نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے مولانا فضل الرحمن ،رانا ثنا اللہ اور مریم نواز کے خلاف توہین عدالت کی درخواست خارج کر دی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نوازاور دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کیا اور متعلقہ فورم نہ ہونے کا رجسٹرار آفس کا اعتراض برقرار رکھا۔
عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ کی پٹیشن ہے کیا ؟ جس پر وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ان رہنماؤں کی جانب سے سوشل میڈیا پر عدلیہ مخالف مختلف بیانات دیئے گئے تھے۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا کہ کیا اس ہائی کورٹ سے متعلق کوئی ذکر ہے ؟ آپ سپریم کورٹ اور لاہور ہائیکورٹ جائیں جن سے متعلق آپ کہہ رہے ہیں۔ درخواست گزار لاہور کا ہے اس کو یہی جگہ کیوں پسند ہے؟
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ پٹشنر کو کہیں لاہور میں بھی عدالتیں ہیں اور جس وقت یہ بیانات دیئے گئے اس وقت کسی کے کان پر جوں نہیں رینگی۔