قطر عالمی فٹ بال کپ 2022کی تیاریاں عروج پر۔۔شائقین نے ہوٹل بک کروا لئے

دوحہ (پاک ترک نیوز)
قطر میںہونے والےعالمی فٹ بال کپ 2022 کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اور فٹ بال کے عالمی مقابلے دیکھنے کے لئے پہلے سے ٹکٹس حاصل کرنے والے شائقین کی جانب سے28روزہ مقابلوں کے دوران اپنی رہائش کے لئے ہوٹلوں اور نجی رہائشگاہوں کی بکنگ کا سلسلہ بھی تیزی سے جاری ہے
قطری میڈیا کی رپورٹس کے مطابق کورونا وائرس کی وباکے بعد کھلے ماحول میں منعقد ہونے والے عالمی فٹ بال کپ میں دنیا بھر سے لوگوں کی ریکارڈتعداد میں قطر اور ملحقہ متحدہ عرب امارات آمد متوقع ہے جس کااعلان عالمی فٹ بال مقابلوں کی انتظامیہ کی جانب سے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کے وقت ہی کر دیاگیا تھا ۔
شائقین کی کثیر تعداد میں شرکت کو دیکھتے ہوئے لگتا ہے کہ قطر ورلڈ کپ 2022 کے موقع پر ہوٹلوں میں جگہ ملنا مشکل ہو جائے گا۔یہی وجہ ہے کہ ابھی جب قطر ورلڈ کپ میں تقریبا چارماہ کا وقت باقی ہے شائقین کی جانب سے ہوٹلوں کی بکنگ میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے ۔
ساتھ ہی فٹ بال شائقین کی کوشش یہ لگتی ہے کہ فٹ بال کے ساتھ قطر کے علاوہ پڑوسی ملکوں بشمول متحدہ عرب امارات کی سیر کا بھی لطف اٹھائیں۔
قطر ورلڈ کی اس 28 دنوں تک جاری رہنے والی پر جوش سرگرمی کے دوران شائقین کے لیے بیس لاکھ ٹکٹ دستیاب ہوں گے۔ ان ٹکٹوں میں سے بارہ لاکھ ٹکٹ اب تک فروخت ہو چکے ہیں۔ فٹ بال شائقین دنیا بھر سے بالعموم اور مغربی دنیا کے ساتھ ساتھ عرب دنیا سے بالخصوص بڑی تعداد میں متوقع ہیں۔
#DOHA#fifafootballworldcup2022#football#hotels#match#PakTurkNews#qatarfootballworldcup#qatarfootballworllcup2022Qatar