قمر باجوہ الوداع، جنرل عاصم منیر نے پاک فوج کی کمان سنبھال لی

راولپنڈی (پاک ترک نیوز) جنرل عاصم منیر نے پاک فوج کی کمان سنبھال لیا، پاکستان آرمی کی کمانڈ سنبھالنے والے 17ویں آرمی چیف بن گئے ہیں۔
جنرل سید عاصم منیر 3 سال کےلئے پاکستان کے نئے آرمی چیف اور جنرل سید ساحر شمشاد مرزا 27 نومبر سے نئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی ہوں گے۔
پاک فوج میں کمان تبدیلی کی پروقار تقریب جی ایچ کیو میں ہوئی، جس کے آغاز پر ریٹائر ہونے والے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ اور نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سب سے پہلے یادگار شہدا پر حاضری دی ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے جی ایچ کی آمد پر یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد سابق آرمی چیف نے خطاب کیا۔ سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کی کمان جنرل عاصم منیر کے حوالے کی۔
کمان تبدیلی کی تقریب میں نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر فور اسٹار جنرل کے شولڈر رینکس اور کالر میڈل لگائے ہوئے شریک ہوئے۔ اہم تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، مسلح افواج کے سربراہان، سینئرحاضرسروس اورریٹائرڈفوجی افسران ، ان کی فیملیزکے علاوہ وفاقی سیکرٹریز اور دیگر مہمان بھی شریک تھے۔
اس موقع پر راولپنڈی میں مخصوص علاقوں میں میٹرو بس اور موبائل فون سروس بھی بند کی گئی جب کہ سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
جنرل سید عاصم منیر بہترین پیشہ وارانہ کیریئر کے حامل ہیں اور فور اسٹار جنرلز کی تعیناتی کی سینیارٹی لسٹ میں جنرل عاصم منیر پہلے نمبر پر تھے۔ لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کور کمانڈ، آئی ایس آئی اور ملٹری انٹیلی جنس کے سربراہ رہے۔
لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر نے آفیسرز ٹریننگ اسکول سے تربیت مکمل کی اور انہوں نے پاک فوج کی فرنٹیئر فورس رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا۔ لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر 2014 میں کمانڈر فورس کمانڈ ناردرن ایریا تعینات ہوئے اور 2017 میں ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس کے عہدے پر فائز ہوئے۔
لیفٹیننٹ جنرل عاصم کو اکتوبر 2018 میں ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کیا گیا تھا اور جون 2019 میں کور کمانڈر گوجرانوالہ کے عہدے پر تعینات ہوئے جبکہ اکتوبر 2021 سے جی ایچ کیو میں کوارٹر ماسٹر جنرل کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

 

 

#armychief#ghq#islamabad#mobilesrvice#PakTurkNews#qamarjavedbajwa#saimmunir