قومی سکواڈ آج رات دورہ نیدرلینڈز کیلئے روانہ ہو گا

لاہور(پاک ترک نیوز) قومی سکواڈ آج رات ڈیڑھ بجے دور نیدر لینڈز نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر سے علامہ اقبال ایئر پورٹ روانہ ہو گا ۔قومی ٹیم نیدر لینڈز میں آئی سی سی ورلڈکپ لیگ میں شامل 3ون ڈے میچز میں شریک ہوگی، پہلا مقابلہ 16، دوسرا18اور تیسرا 21اگست کو ہوگا۔
تفصیلات کےمطابق دور نیدر لینڈز کیلئے قومی سکواڈ آج رات روانہ ہو گا ۔جہاں 3ایک روزہ میچز میں کھیلے جائیں گے ۔گرین شرٹس کی اگلی مصروفیت یواے ای میں شیڈول ایشیا کپ ہے۔جہاں پر روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑا مقابلہ متوقع ہے ۔
اس سے قبل دورہ نیدر لینڈز جیسے کمزورحریف پر بھرپور حملے کیلئے کھلاڑیوں نے بھرپور مشقیں کیں ۔
دورہ نیدر لینڈز کی تیاری کیلیے پاکستانی ون ڈے اسکواڈ کا تربیتی کیمپ ہفتے کو شروع ہوا تھا، اس دوران بارش کی وجہ سے متعدد بار ٹریننگ کے وینیو اور پریکٹس میچز سمیت شیڈول میں تبدیلی کرنا پڑی، ابتدائی 2 روز کرکٹرز انڈور مشقوں تک محدود رہے،ایک روز قذافی اسٹیڈیم میں بھرپور نیٹ پریکٹس ہوئی،یوم عاشور پر ٹریننگ نہیں رکھی گئی تھی۔
گزشتہ روز پہلا پریکٹس میچ ایل سی سی اے گرائونڈ میں شیڈول کیا گیا،اس میں پاکستان شاہینز کیخلاف قومی ٹیم نے اچھی بیٹنگ فارم کا مظاہرہ کیا،سخت دھوپ اور حبس میں امام الحق ابتدا میں محتاط انداز اپنانے کے بعد عمدہ اسٹروکس کھیلتے ہوئے 82 رنز بناکر دوسروں کو بیٹنگ کا موقع دینے کیلیے ریٹائر ہوگئے۔
کپتان بابراعظم نے 56 کی اننگز کھیلی، فخر زمان نے 45 رنز بنائے، خوشدل شاہ 44 پر ناٹ آئوٹ رہے،جارح مزاج بیٹر نے چند چھکے بھی لگائے،قومی ٹیم نے 6 وکٹ پر 290 کا مجموعہ حاصل کیا، میر حمزہ، ابرار احمد اور زاہد محمود نے 2،2 وکٹیں لیں۔ جواب میں پاکستان شاہینز کی ٹیم 198 پر پویلین لوٹ گئی، قومی ٹیم نے 92 رنز سے آسان فتح حاصل کی۔
عبداللہ شفیق 44، محمد حارث اور عبدالواحد بنگلزئی 27،27 رنزہی کچھ مزاحمت کرپائے،محمد نواز نے 4 شکار کیے، پریکٹس میچ کے دوران کوچز بیٹنگ اور بولنگ کرنے والے کھلاڑیوں کو اہداف دینے کے ساتھ رہنمائی بھی کرتے رہے، صبح مقابلہ شروع ہونے سے قبل اور وقفے میں بھی کرکٹرز نے ہلکی پھلکی ٹریننگ کے ساتھ فیلڈنگ پریکٹس کا سلسلہ بھی جاری رکھا،اس دوران کلوز اور سلپ کیچز کی خاص طور پر مشق ہوئی۔
دوسری جانب نئے شیڈول کے مطابق قومی ٹیم کا جمعرات کو پاکستان شاہینز سے دوسرا میچ ہونا تھا مگر پہلے اسے معمول کی پریکٹس میں تبدیل کیا گیا،اس کے بعد اعلان ہوا کہ ٹریننگ سیشن ہی منسوخ کردیا گیا ہے،یاد رہے کہ جمعرات کو لاہور میں بارش کی پیش گوئی ہے، شاید اسی لیے کھلاڑیوں کو آرام کے ساتھ رخت سفر باندھنے کی ہدایت بھی کردی گئی ہے۔
گرین شرٹس کی اگلی مصروفیت یواے ای میں شیڈول ایشیا کپ ہے،عبداللہ شفیق، امام الحق، محمد حارث، سلمان علی آغا اور زاہد محمود نیدرلینڈز میں ون ڈے سیریز کے بعد وطن واپس آجائینگے، آصف علی، حیدر علی، افتخار احمد اور عثمان قادر ایشیا کپ کیلیے قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کو جوائن کرنے کیلیے پاکستان سے روانہ ہوں گے۔

#allamaiqbalairport#Lahore#lahoreairport#match#netherlands#PakTurkNewsPakistanUAE