لائبیریا ،کرسچئن کمیونٹی پر حملہ میں حاملہ خواتین اور 11بچوں سمیت 29ہلاک

منروویا(پاک ترک نیوز) افریقی ملک لائبیریا میں کرسچئن کمیونٹی پر ہونیوالے حملے اور اس کے نتیجے میں بھگدڑ کے باعث 11بچوں سمیت 29افراد ہلاک ہو گئے ۔
تفصیلات کے مطابق مسیحی برادری پر حملہ دارالحکومت منروویا میں ساحل کے قریب واقع نیو کرو ٹاؤن میں کیا گیا۔حملے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں میں 11 بچے اور ایک حاملہ خاتون بھی شامل ہیں۔
ہلاک ہونے والوں کی نعشیں مقامی اسپتال میں منتقل کردی گئی ہیں اور اس حوالے سے تحقیق و تفتیش کا عمل جاری ہے۔
مقامی پولیس ترجمان نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا ہے کہ رات تقریباً 9 بجے دیکھا کہ مسحی برادری پر مسلح ملزمان نے حملہ کیا۔ملزمان نے اسلحہ کے ساتھ ساتھ چاقوؤں سے بھی سینکڑوں افراد پر حملہ کیا۔ ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد ایک بڑے فٹبال گراؤنڈ میں مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے یکجا ہوئے تھے۔
لائبیریا کے شہریوں کا کہنا ہے کہ سٹریٹ گینگز سے تلعق رکھنے والے مجرمان تسلسل کے ساتھ پرامن شہریوں کے لیے مسئلہ بنے ہوئے ہیں اور ان کی شرپسندانہ کارروائیوں میں گزشتہ سالوں کے دوران تیزی آئی ہے۔صدر جارج ویاہ آج کسی بھی وقت جائے وقوع کا دورہ کریں گے۔

#