دبئی (پاک ترک نیوز)متحدہ عرب امارات نے جنوبی کوریا سے ساڑھے تین ارب ڈالر کے درمیانے فاصلے تک زمین سے فضا میں مار کرنے والےمیزائل نظام خریدنے کے لئے ابتدائی معاہدہ کر لیا ہے۔
یہ معاہدہ جنوبی کوریا کے صدر مون جے اِن نے متحدہ عرب امارات کے اپنے حالیہ دورے کے دوران کیا ہے ۔دبئی میں اماراتی وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات کے بعددونوں ممالک نے تقریباً 3.5 ارب ڈالر مالیت کے درمیانی فاصلے تک مار کرنے والے میزائل دفاعی نظام کی خریداری کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے۔
جنوبی کوریا کی جانب سےدورے کے دوران اعلان کردہ معاہدے کے بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں اور نہ ہی متحدہ عرب امارات کی طرف سے فوری طور پر کوئی تبصرہ کیا گیا ہے۔ تاہم گزشتہ نومبر میں دبئی میں منعقدہ ایوی ایشن ٹریڈ شو کے دوران، اماراتی وزارت دفاع نے ٹویٹ کیا تھاکہ اس نے جنوبی کوریا کے ایم ۔سام دفاعی نظام کو حاصل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، جو کہ 40 کلومیٹر سے کم اونچائی پر میزائلوں کو روکنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، اور یہ اضافہ امارات کےفضائی دفاع کو مزید مستحکم بنانے کا باعث بنے گا۔