مدینہ منورہ (پاک ترک نیوز)
رمضان المبارک کی آمد پر مسجد نبوی کی پرانی عمارت تمام زائرین کے لیے کھول دی گئی ہے۔تاہم روضہ رسولؐ پر حاضری اور ریاض الجنتہ میں داخلے کے لئے بدستور اجازت نامہ درکار ہوگا۔
ہفتہ کے روز جاری ہونے والے بیان میں مسجد بنوی کی انتظامیہ نے اطمینان دلایا ہے کہ زائرین کو ہر ممکن معیاری سہولتیں مہیا ہوں گی۔ اس کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔ زائرئن کے لیے مسجد نبوی کے تمام صحن اور چھتیں کھول دی گئی ہیں۔ تاکہ وہ سہولت اور آسانی کے ساتھ عبادت اور نماز ادا کرسکیں گے۔
سعودی میڈیاکی جانب سے پاک ترک نیوز کو فراہم کردہ معلومات کے مطابق مسجد نبوی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ظہر کے بعد سے تراویح کے بعد تک مرد زائرین کو مکمل گنجائش کے ساتھ روضہ میں جانے کی اجازت ہوگی۔گیٹ نمبر 38 کے سامنے زائرین جمع ہوں گے جبکہ گیٹ نمبر 40 اور باب جبریل سے نکلنے کا انتظام کیا گیا ہے۔جبکہ خواتین کے لیے زیارت کا وقت صبح کو رکھا گیا ہے۔ ایک گروپ میں 450 زائر خواتین کو جانے کی اجازت ہوگی۔ زائر خواتین گیٹ نمبر 24 شمال اور گیٹ نمبر 37 مشرق و جنوب کے سامنے جمع ہوں گی۔
انتظامیہ نے زائرین سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ وقت کی پابندی کریں تاکہ استقبالیہ مقامات پررش سے بچا جا سکے۔ سب لوگ راہداریوں میں نماز پڑھنے سے گریز کریں۔ اور اپنے ہمراہ غیر ضروری سامان وغیرہ نہ لائیں۔