اسلام آباد (پاک ترک نیوز) سابق وزیراعظم عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں نا اہلی کے بعد ملک بھر میں پی ٹی آئی کارکنوں کا احتجاج جاری ہے ۔ وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے اکثر شہروں میں کارکنوں گھروں سے نکل آئے اور شاہراہوں کو بند کردیا ۔ کئی مقامات پر تحریک انصاف کے کارکنوں کی پولیس سے جھڑپیں بھی ہوئیں ۔ پولیس کی جانب سے شیلنگ کی گئی۔پی ٹی آئی کارکنوں نے حکومت اور الیکشن کمیشن کیخلاف شدید نعرے بازی کی ۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کو نااہل قرار دیا گیا ہے جس کے خلاف پاکستان تحریک انصاف نے ملک بھر میں احتجاج کی کال دے تھی ۔
راولپنڈی میں تحریک انصاف کے کارکنان فیض آباد پہنچ گئے اور انہوں نے ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی۔ سڑک بلاک کرنے والوں میں ایم این اے راشد شفیق، ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم، ایم پی اے عمر تنویر بٹ اور دیگر شامل ہیں۔
لاہور کے مختلف علاقوں لاہور میں پی ٹی آئی کے حامیوں نے احتجاج شروع کردیا۔ کارکنوں نے میٹرو بس سروس بھی بند کردی اور الیکشن کمیشن کے خلاف نعرے بازی کی۔
دوسری طرف ملک کے دیگر شہروں رحیم یار خان، ساہیوال، گوجرانوالا، ملتان، فیصل آباد، کراچی سمیت دیگر شہروں میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے احتجاج شروع کر دیا ہے۔
مختلف شہروں میں موٹروے اور اہم سڑکیں بند ہونے سے عوام میں خوف اور غیریقینی کی کیفیت پیدا ہوگئی جبکہ حکومت کی جانب سے ملک بھر میں پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کو الرٹ کردیا گیا۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے داخلی راستوں پر گشت بڑھا دیا گیا ہے، ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، ایمبولینسز اور قیدی وینز کو مختلف مقامات پر پہنچا دیا گیا ہے، بچوں اور خواتین سے گزارش ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔