نینسی پلوسی کا دورہ۔ چین نے تائیوان کی بحری وفضائی حدود کے ساتھ جنگی مشقیں شروع کر دیں

بیجنگ /تائی پے (پاک ترک نیوز)
چین کے انتباہ کے باوجود امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی کے دورہ تائیوان کے ردعمل میں چین نے تاریخ میں پہلی بارتائیوان کی بحری و فضائی حدود کے اوپر جنگی مشقوں کا آغاز کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تائیوانی حکام نے اپنے جزائر کے اوپر مشکوک ڈرونز کے اڑنے اور وزارت دفاع کی ویب سائٹ پر سائبر حملے کا دعویٰ کیا ہے۔ جمعرات کو تائیوان کی وزارت دفاع نے یہ بیان امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی کے دورے کے ایک دن بعد دیا ہے۔
چین نے نینسی پلوسی کے دورہ تائیوان کے جواب میں علاقے میں فوجی مشقیں شروع کی ہیں جو تائیوان کی وزارت دفاع کے مطابق اُن کی سمندری حدود سےصرف 10سے12 میل کی دوری پر جاری ہیں۔یہ پہلی بار ہے کہ چین کی افواج تائیوان کے اتنے قریب ایسی مشقیں کر رہی ہیں جن کو تائیوان کی وزارت دفاع کے ایک سینیئر عہدیدار نے تائیوان کی بحری و فضائی ناکہ بندی کرنا قرار دیا ہے۔
چین کی حکومت تائیوان کو اپنے ملک کا حصہ قرار دیتی ہے جبکہ امریکہ اور یورپ اس کو ایک آزاد جمہوری ملک کی حیثیت سے تسلیم کرتے ہیں۔جبکہ چین نے اس دورے کوخطے کے امن پر منفی اثرات کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ سپیکر نینسی پیلوسی کا دورہ تائیوان کاامریکہ کو نتیجہ بھگتنا پڑے گا۔اسی طرح چینی صدر نے اپنے امریکی ہم منصب کو تنبیہ کی تھی کہ تائیوان میں مداخلت ’آگ سے کھیلنے‘ کے مترادف ہے۔
دریں اثنا چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ژن ہوا کے مطابق فوجی مشقوں میں گولہ باردو استعمال کیا جائے گا اور یہ تائیوان کے ساتھ سمندر میں ہو رہی ہیں۔

#beijing#China#nanacyplocy#PakTurkNewsAmericaTaiwan