وزیراعظم شہباز شریف قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی کی دعوت پر کل قطر کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے

اسلام آباد (پاک ترک نیوز)
وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ ان کا قطر کا پہلا دورہ ہوگا۔ کابینہ کے اہم ارکان سمیت ایک اعلی سطح کا وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوگا۔ دورے کے دوران شہباز شریف قطر کی قیادت کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔ فریقین دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کاجائزہ لیں گے جس میں توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے، تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات کومزید فروغ دینے اور قطر میں پاکستانیوں کے لئے روزگار کے زیادہ مواقع کی تلاش پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔وہ باہمی دلچسپی کے عالمی اور علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ وزیراعظم قطر اور پاکستان کے صف اول کے کاروباری افراد اور سرمایہ کاروں سے بھی ملاقات کریں گے۔وہ دوحہ میں سٹیڈیم 974 کا دورہ بھی کریں گے جہاں انہیں فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کیلئے تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی۔ ایک بیان میں دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ قطر سے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات کو وسعت ملے گی اور بڑھتی ہوئی اقتصادی شراکت داری مزید مضبوط ہوگی۔

#chiefminister#DOHA#islamabad#PakTurkNews#shahbazsharifQatar