وزیراعظم شہباز شریف کی قازقستان کے صدر سے ملاقات

آستانہ (پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی CICA سربراہی اجلاس کے موقع پر قازقستان کے صدر سے ملاقات ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہبازشریف نے آج آستانہ، قازقستان میں CICA سربراہی اجلاس کے موقع پر صدر قاسم ژومارت توکایئف سے ملاقات کی۔
دونوں رہنماؤں نے تجارت، باہمی روابط اور توانائی سمیت دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور مختلف شعبوں میں تعاون پر پیشرفت کو تیز کرنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم نے ستمبر 2022 میں سمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر قازق صدر کے ساتھ اپنی ملاقات کا ذکر کیا جس میں کثیر جہتی تعاون کو مزید تقویت دینے کی رفتار کا تعین کیاگیا تھا۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تجارت کو متنوع بنانے اور سرمایہ کاری میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے توانائی، زراعت، ٹیکنالوجی، لاجسٹکس، مواصلات اور تعمیرات کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کاروباری روابط، عوام سے عوام کے رابطوں اور سیاحت کو بڑھانے کے لیے براہ راست فضائی رابطے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

#kazakistan#PakTurkNews#primeminister#shahbazsharifPakistan