وزیر اعظم شہباز شریف کی جو بائیڈن اور انکی اہلیہ سے مختصر ملاقات

نیویارک (پاک ترک نیوز)
پاکستانی وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور امریکی صدر جو بائیڈن کی مختصر ملاقات ہوئی ہے۔جس میں امریکی صدر نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ ملاقات امریکی صدر کی جانب سے اقوام متحدہ کے 77ویں سالانہ اجلاس میں شریک سربراہان مملکت و حکومت کے اعزاز میں دی جانے والی استقبالیہ تقریب کے دوران ہوئی۔
وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی صدر جو بائیڈن کے درمیان ہو نے والی مختصر بات چیت مثبت اور تعمیری تھی۔وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات ٹھوس بنیادوں پر استوار ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی رہنمائوں نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر ہمدردی اور خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا اور اب اس جذبےکو ٹھوس اقدامات میں تبدیل ہو نا چاہیے تاکہ پاکستان سیلاب سے بڑنے پیمانے پر تباہی کے بعد بحالی اور بہتر تعمیر کی طرف جا سکے۔حنا ربانی کھر نے کہا کہ ہم نے موسمیاتی تبدیلی کے نتیجہ میں غیر معمولی بارشوں اور سیلاب سے نقصانات بارے بین الاقوامی برادری کو بھرپورطریقےسے آگاہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک میں موجود ہیں اور آج شام جنرل اسمبلی سے خطاب بھی کریں گے۔

#americapresident#newyork#PakTurkNews#primeminister#shahbazsharif#UN#unitednation