ویسٹ انڈیز کیخلاف قومی سکواڈ کا اعلان آج متوقع

لاہور(پاک ترک نیوز) ویسٹ انڈیز کیخلاف پاکستان کرکٹ سکواڈ کا اعلان متوقع ہے۔ مہمان ٹیم رواں ماہ کراچی میں قومی ٹیم کیخلاف 3ٹی ٹونٹی اور تین ایک روزہ میچز کھیلے گی جس کیلئے قومی سکواڈکا اعلان آج متوقع ہے ۔
شعیب ملک پہلے ہی سیریز کیلیے عدم دستیابی ظاہر کر چکے جبکہ محمد حفیظ نے سلیکٹرز سے کہا تھا کہ اگر وہ انھیں یہ سیریز نہیں کھلانا چاہتے تو کسی نئے کھلاڑی کو موقع دیں، حسن علی نے بھی ازخود آرام کی خواہش ظاہر کر دی تھی، عماد وسیم کا انتخاب بھی یقینی نہیں لگتا، فاسٹ بولر محمد حسنین کا آسٹریلوی بگ بیش لیگ کیلئے معاہدہ ہو گیا تھا مگر انھیں ہوم سیریز کیلیے منتخب کیے جانے کا امکان ہے لہذا وہ نہیں جا سکیں گے۔
وکٹ کیپر سرفراز احمد کا انتخاب مشکل لگنے لگا ہے، محمد رضوان کو ریسٹ دے کر انھیں بنگلادیش سے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں موقع دیا گیا تھا جس میں وہ بڑی اننگز نہیں کھیل پائے تھے، پی سی بی کے سربراہ رمیز راجہ اور سلیکٹرز سمجھتے ہیں کہ اب کسی نوجوان کو ٹیم کے ساتھ رکھ کر گروم کرنا چاہیے۔
اسی طرح کپتان بابر اعظم اور پیسر شاہین شاہ آفریدی سے بھی لیگ کیلیے رابطہ ہوا مگر بورڈ مضبوط ترین اسکواڈ میدان میں اتارنا چاہتا ہے تاکہ سیریز کی قدر وقیمت کم نہ ہو، دوسری جانب ویسٹ انڈیز کے کئی اسٹار کھلاڑی پاکستان نہیں آ رہے ہیں۔

#cricket#PakTurkNews#sports#westindiesPakistan