برسلز : یورپی حکومتیں کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے والے افراد کیلئے ’’ویکسین پاسپورٹ‘‘ کے اجرا پر تقسیم کا شکار ہوگئی ہیں۔ خبر رساں اداروں کے مطابق جنوبی یورپ کے ممالک جن کا انحصار سیاحت کے شعبے پر ہے، کورونا وائرس کی وجہ سے سخت نقصان میں ہیں کیوں کہ تمام بین الاقوامی سرحدیں بند ہیں۔
یہ ممالک اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ ایسے افراد جنہیں ویکسین لگ چکی ہو، ان کیلئے سرحدیں کھول دی جائیں اور انہیں سفر کی اجازت دی جائے ۔ اُدھر یونان کے وزیر اعظم کِری آکو متسو تاکیس یورپی کمیشن پر زور دے رہے ہیں کہ ویکسین حاصل کرنے والوں کو ایک سرٹیفکیٹ دیے جانے پر کام کیا جائے۔
یورپ کی فضائی کمپنیاں، ہوٹل کی صنعت، اور ٹریول ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ ویکسین لگوانے کے سرٹیفکیٹ سے یورپی ممالک کیلئے اپنی سرحدیں کھولنے میں تیزی آئے گی۔ اقوام متحدہ میں ورلڈ ٹورازم آرگنائزیشن کے سیکرٹری جنرل زراب پولولی نے یورپی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ ڈیجیٹل ویکسی نیشن پاسپورٹ کا اجرا کرے، جس سے دنیا میں سفر دوبارہ شروع کرنے میں مدد ملے گی، تاہم یورپی یونین میں پرائیویسی کے حامی کارکن اور وبائی امراض کے ماہرین متنبہ کر رہے ہیں کہ ویکسین لگوا لینے کا سرٹیفکیٹ رکھنے والے مسافر بھی کورونا وائرس سے متاثر ہو سکتے ہیں۔