نئی دہلی (پاک ترک نیوز) ٹوئٹر نے دنیا بھر میں شدید احتجاج کے بعد ہندو انتہا پسند بھارتیہ جنتا پارٹی کے اکائونٹ پر انتہائی متنازع اور مسلمان دشمن پوسٹ ہٹا دی۔
تفصیلات کے مطابق ٹوئٹر نے شدید احتجاج کے بعد بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی )کی جانب سے شیئر کی گئی پوسٹ ہٹا دی ۔چند روز قبل بھارتی ریاست گجرات میں 38مسلمانوں کو سزائے موت دیئے جانے کے بعد بی جے پی نے اپنے ٹوئٹر اکائونٹ انتہائی متنازع کارٹون پوسٹ کیا تھا جس میں مسلمانوں کو پھانسی سے لٹکادکھایا گیا تھا۔
بی جے پی نے اپنے آفیشل اکاؤنٹ پر 38مسلمانوں کوسزائے موت سنانے کوسچ کی جیت قراردیتے ہوئے عدالت کی تعریف بھی کی تھی۔بی جے پی کے دیگرسوشل میڈیا اکاؤنٹس پربھی اب متنازع پوسٹ موجود نہیں ہے۔
یاد رہے کہ 18 فروری کو خصوصی عدالت نے گجرات میں ہونے والے بم دھاکوں کے38 ملزمان کو سزائے موت اور11 کوعمرقید کی سزا سنائی تھی جوتمام کے تمام مسلمان ہیں۔ دھماکوں میں 57افراد ہلاک اور200 زخمی ہوئے تھے۔