پاکستانیوں کے لیے جلد کویت کے ویزے کھولے جارہے ہیں، شیخ رشید

اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاکستانیوں کے لیے کویتی ویزے جلد کھلنے جارہے ہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستانیوں کے لیے 2011 سے کویت کے ویزے بند ہیں جو جلد کُھلنے والے ہیں۔ وزارت داخلہ میں 18،18 سال سے بیٹھے افسروں کو تبدیل کریں گے۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم نے مارچ ملتوی کر کے بہت اچھا فیصلہ کیا ہے، سیاست میں سکون آیا ہے اور کے روزے گزریں گے، پی ڈی ایم سے کہوں گا کہ اسمبلی میں آئیں، پی ڈی ایم عمران خان کو شکست نہیں دے سکتی، عمران خان سیاسی طور پر ہیوی ویٹ لیڈر ہیں جو ان سے نہیں گریں گے۔ انہوں نے ملک کا کوئی کونہ نہیں چھوڑا جہاں انہوں نے 6 ماہ میں جلسہ نہ کیا ہو، ٹھنڈ سیاست میں سکون آیا ہے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان گزشتہ روز بہت غصے میں نظر آئے، پہلے ہی کہا تھا کہ مولانا فضل الرحمان سے ہاتھ ہوگا، پی ڈی ایم کی سیاست کو بہت بڑا دھچکا لگا ہے، مولانا فضل الرحمان نے پہلے بھی لانگ مارچ کیا تھا اور ایک سال پہلے اسلام آباد میں دھرنا بھی دیا تھا، یہ بہت مشکل کام ہیں، اپوزیشن کی سیاسی جماعتوں کے ارکان بھی استعفے نہیں دینا چاہتے کیونکہ ارکان اسمبلی یہ ضرور سوچتے ہیں کہ حلقے میں ان کا مد مقابل کون ہوگا۔ چند روز بعد رمضان المبارک ہے اور پھر عید الفطر کے بعد ہی ان کے منصوبے کا پتہ لگے گا۔

نواز شریف سے متعلق شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف کو واپس آنے کی اجازت دینے کے لئے تیار ہیں، زندگی یا موت کی گارنٹی نہیں دی جاسکتی، یہ تو اللہ کے ہاتھ میں ہے، جو ہمارے اختیار میں ہے وہ ہم کرسکتے ہیں، نواز شریف کے پاسپورٹ کی مدت ختم ہوگئی ہے۔ انہیں وطن واپسی کی اسی صورت میں اجازت ہوگی جب وہ وزارت داخلہ کو تحریری درخواست دیں تو انہیں 24 گھنٹے میں اجازت نامہ جاری کردیا جائے گا۔