لندن (پاک ترک نیوز )پاکستانی نژاد سکالر ڈاکٹر کمال منیر کو برطانیہ کی معروف درسگاہ کیمبرج یونیورسٹی کا پرو وائس چانسلر منتخب کرلیا گیا ہے۔ وہ اسی سال اکتوبر میں اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔
ڈااکٹر کمال منیر اسلامی مالیاتی نظام پر گہری نظر رکھتے ہیں۔ وہ گزشتہ 20 برس سے کیمبرج یونیورسٹی سے وابستہ ہیں اس سے قبل وہ ایک کینیڈین یونیورسٹی میں چار سال تک درس و تدریس سے وابستہ رہ چکے ہیں۔
ان کے معیشت بارے آرٹیکلز دی فنانشل ٹائمز اور گارڈین سمیت متعدد عالمی اخبارات و جرائد کی زینت بن چکے ہیں۔
وہ اس وقت یونیورسٹی سے ملحق بزنس سکول میں ریڈر ان سٹریٹیجی اینڈ پالیسی کے عہدے پر فائز ہیں۔ کیمبرج یونیورسٹی میں بطور پرووایس چانسلر انکی تعیناتی کا عرصہ تین سال کا ہوگا۔ واضع رہے کیمبرج یونیورسٹی میں وائس چانسلر کے ہمراہ پانچ پرو وائس چانسلرز کام کرتے ہیں جو مختلف شعبہ جات میں قابل قدر تعلیم اور تجربے کے حامل ہوتے ہیں۔
ڈاکٹر کمال منیر برطانیہ کے علاوہ پاکستان میں بھی بطور کنسلٹنٹ اپنی خدمات سرانجام دے چکے ہیں، وہ پاکستان کے عالمی معیار کے ادارے لمز میں بطور ڈین تعینات رہ چکے ہیں۔