پاکستان اور ترکیہ کا مشترکہ کلچرل سنٹر قائم کرنے کا فیصلہ

استنبول (پاک ترک نیوز ) پاکستان اور ترکیہ نے معاشی ، دفاعی تعاون کے بعد اب ثقافتی تعلقات کو بھی مزید فروغ دینے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ پاکستانی کی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے ترکیہ کے نائب وزیربرائے ثقافت وسیاحت احمد مصباح اور ترک فلم انڈسٹری کے وفد سے استنبول میں ملاقات کی ۔ جس میں پاکستان اور ترکیہ کی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ مشترکہ منصوبے شروع کیے جائیں گے اور پاک ترک کلچرل سنٹر قائم کیا جائے گا۔ ترک فلم فیسٹیول میں تین پاکستانی فلموں کی نمائش کی جائے گی ۔
مریم اورنگزیب اور احمد مصباح کی ملاقات میں پاکستان میں جدید ترین فلم پروسیسنگ لیب کے قیام میں تعاون پر بھی اتفاق کیا گیا اور طے پایا کہ نصاب میں فلم سازی اور اداکاری کے مضامین بھی شامل کیے جائیں گے ۔ مریم اورنگزیب کے مطابق پاکستان اور ترکیہ دونوں اپنے ثقافتی تنوع اور قدرتی حسن کو بین الاقوامی سطح پر سکرین ٹورازم کے ذریعے پیش کرسکتے ہیں ۔
وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ ان کی ھکومت نے پہلی فلم اور ثقافت کی پالیسی بنائی اور بجٹ میں فلم انڈسٹری ، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں پر ٹیکس ختم کردیا ۔ غیرملکی فلم سازوں کو مقامی سطح پر مشترکہ فلم اور ڈرامہ بنانے پر بھی رعایت دی جارہی ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ نئے سنیما گھروں کے قیام ، ان کی بحالی اور فنکاروں کو مراعات دینے کے لیے بھی اقدامات کیے گئے ہیں ۔ ترکیہ کے نائب وزیراحمد مصباح نے اس موقع پر کہا کہ ترکیہ سیاحت کے شعبے میں پاکستان کو ہرممکن تعاون فراہم کرے گا ۔

#CONFLICT،پاک ترک مشترکہ کلچرل سنٹر ، پاک ترک نیوز ، #PAKTURKNEWS#maryamauragzaib