پاکستان نے امریکی ڈرون حملو ں سے متعلق افغانستان کا دعویٰ مسترد کردیا

اسلام آباد(پاک ترک نیوز)
پاکستان نے افغانستان کی عبوری حکومت کی جانب سے اس دعوے کو انتہائی افسوس ناک قرار دیا ہے کہ امریکہ نے کابل میں حالیہ ڈرون حملے کیلئے پاکستان کی فضائی حدود استعمال کی ۔
وزارت خارجہ کے ایک بیان کے مطابق اسلام آباد نے افغانستان کے قائم مقام وزیر دفاع ملا محمد یعقوب کی جانب سے افغانستان میں انسداد دہشتگردی کے ڈرون آپریشن میں پاکستان کی فضائی حدود کے استعمال کے حوالے سے الزام کو گہری تشویش کے ساتھ دیکھا ہے۔
وزارت خارجہ نے کہا کہ کسی ثبوت کی عدم موجودگی میں ، جیساکہ خود افغان وزیر نے اعتراف کیا ہے، ایسے فرضی الزامات انتہائی افسوس ناک ہیں اور ذمہ دارانہ سفارتی طرز عمل کے اصولوں کی خلاف ورزی ہیں۔
گزشتہ روز ملا محمد یعقو ب نے دعویٰ کیا کہ القائدہ کے سربراہ ایمن الظواہری کے خلاف کیا جانے والا ڈرون حملہ پاکستان کی فضائی حدود کو استعمال کرتے ہوئے کیا گیا۔وزارت خارجہ نے کہا کہ وہ تمام ریاستوں کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر یقین کرکھتی ہے اور دہشتگردی کی تمام شکلوں اور مظاہر کی مذمت کرتی ہے۔بیان میں افغان عبوری حکام پر زور دیا گیا کہ وہ بین الاقوامی وعدوں کی تکمیل کو یقینی بنائیں کہ وہ اپنی سرزمین کو کسی بھی ملک کے خلاف دہشتگردی کیلئے استعمال کرنے کی اجازت نہ دیں۔