واشنگٹن ( پاک ترک نیوز)
امریکا نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایف۔16جنگی طیاروں کے بیڑے کی دیکھ بھال کے لیے آلات اور سروسز کی مد میں ممکنہ طورپر 45 کروڑ ڈالر کے معاہدے کی منظوری سے پاکستان کو انسداد دہشت گردی کے موجودہ اور مستقبل کے خطرات کا مقابلہ کرنے کے قابل بنانے میں مدد ملے گی۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے یہ بات منگل کی شب معمول کی پریس بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہی۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک ایسا فضائی بیڑا ہے جو دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کی پاکستان کی صلاحیت میں اضافہ کرتا ہے اور ہمیں توقع ہے کہ پاکستان تمام دہشت گرد گروپوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے حال ہی میں کانگریس کو پاکستانی فضائیہ کے ایف۔16 پروگرام کی دیکھ بھال اور معاونت کی خدمات کے لیے 45 کروڑ ڈالر کی مجوزہ غیر ملکی فوجی فروخت بارے آگاہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان متعدد حوالوں خاص طور پر دہشت گردی کی روک تھام کے حوالے سے ایک اہم شراکت دار ہے اور ہماری طویل مدتی پالیسی کے ایک حصے کے طور پر ہم امریکی ساختہ پلیٹ فارمز کے لیے مرمت اور پائیداری کے پیکجز فراہم کرتے ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ پاکستان کا ایف۔16پروگرام پاک امریکا وسیع تر دو طرفہ تعلقات کا اہم حصہ ہے اور پاکستان کو ایف۔16جنگی طیاروں کی دیکھ بھال کے لیے آلات اور سروسز کی مد میں ممکنہ طور 45 کروڑ ڈالر کے معاہدے کی منظوری سے انسداد دہشت گردی کے موجودہ اور مستقبل کے خطرات کا مقابلہ کرنے کے پاکستان کی اہلیت کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔