انقرہ (پاک ترک نیوز)
ترکی میں پاکستان کے نئے تعینات ہونے والے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے عظیم سیاستدان، مصلح اور جمہوریہ ترکی کے بانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مصطفیٰ کمال اتاترک کے مزار پر حاضری دی۔
سفیر نے اہل خانہ اور سفارت خانے کے افسران کے ہمراہ اتاترک کے مقبرے پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ سفیر نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔
ڈاکٹر یوسف جنید نے بدھ کو صدر رجب طیب اردوان کو اپنی سفارتی اسناد پیش کیں تھیں۔ اسناد کی تقریب کے سلسلے میں سرکاری تقریب کے ایک حصے کے طور پر پاکستان کے سفیر نے آج اتا ترک کےمزار پر حاضری دی۔
پاکستان کے سفیر نے مہمانوں کی کتاب میں لکھا "میں عظیم مصطفیٰ کمال اتاترک، صاحب بصیرت، غیر معمولی سیاستدان، بہترین فوجی اور جدید ترکی کے بانی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
تمام مشکلات اور جبر کے خلاف ثابت قدم رہنے کی ان کی میراث نہ صرف ترکوں بلکہ پوری دنیا کے تمام آزادی پسند لوگوں کو متاثر کرتی ہے۔
پاکستان کے بانی محمد علی جناح نے اتاترک کو عہد کا عظیم ترین انسان قرار دیا۔ جہاں میں دعا کرتا ہوں کہ ان کی روح کو ابدی سکون ملے، میں ترکی کے برادر لوگوں کی مسلسل خوشحالی کے لیے بھی دعا کرتا ہوں۔ پاکستان ترکئے بھائی چارہ زندہ باد۔ "