پاک فوج دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے ہر ممکن کارروائی کرے گی،آرمی چیف

 

راولپنڈی(پاک ترک نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاک فوج دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے ہر ممکن کارروائی کرے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف کی زیر صدارت جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں 251 ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی، جس میں بیرونی اور داخلی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بیان کے مطابق کانفرنس میں خاص طور پر سیلاب کی صورتحال، ملک بھر میں آرمی فارمیشنز کی جانب سے جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔
عسکری فورم نے سیلاب متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی امداد اور بحالی کے لیے زیادہ سے زیادہ مدد فراہم کرنے کا عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے سرحدوں کی صورتحال، داخلی سلامتی اور فوج کے دیگر پیشہ ورانہ امور پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے سلامتی کے ماحول کا ایک جامع جائزہ لیا۔
کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران عزم کا اظہار کیا گیا کہ دہشت گردی کو دوبارہ پنپنے نہیں دیا جائے گا۔
اس موقع پر آرمی چیف نے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ فارمیشن کو تمام سکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑنی چاہیے، کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

 

#armychief#generalqamarjavedbajwa#ispr#PakTurkNews#rawalpindi