لزبن(پاک ترک نیوز) یورپی ملک پرتگال کے ایک فٹ بال کلب کے 13کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون ویرینٹ کی تصدیق ہو گئی ہے ۔تمام پلیئرز کو قرنطینہ کردیا گیا اور ہفتہ کو ہونے والا میچ بھی منسوخ کر دیا گیا ہے، ترجمان کا کہنا تھا کہ تمام 44 کھلاڑیوں اور کلب کے اسٹاف ممبرز بھی قرنطینہ ہو چکے ہیں، تاہم اومی کرون سے متاثرہ افراد میں وائرس کےاثرات کم ہیں۔
کلب کے ترجمان کا کہنا تھا کہ متاثرہ کھلاڑیوں میں سے ایک کھلاڑی حال ہی میں جنوبی افریقہ سے واپس آیا تھا جہاں اس نئے وائرس اومی کرون ویرینٹ کی دریافت ہوئی تھی۔ابتدائی شواہد سے پتا چلتا ہے کہ اومی کرون کے ری انفیکشن یعنی پھیلاؤ کا خطرہ دیگر اقسام کی نسبت زیادہ ہے۔
پرتگال جہاں کورونا کے خلاف دنیا میں سب سے زیادہ ویکسینیشن کی شرح ہے، نے اس قسم کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پیر سے ہی افریقی ملک جانے والی پروازیں معطل کر دی ہیں۔امریکہ، برطانیہ، یورپی یونین اور پاکستان سمیت کئی ممالک اب تک جنوبی افریقہ پر سفری پابندیاں عائد کر چکے ہیں۔