پنجاب ، خیبرپختونخوا کے بعد آخرکار سندھ میں بھی ریسکیو 1122 کا آغاز

 

کراچی (پاک ترک نیوز ) سندھ میں بھی ریسکیو 1122 کا آغاز ہوگیاہے ۔ ورلڈ بینک کے تعاون سے شروع کیے گئے اس منصوبے کے تحت 50 ایمبولینس کراچی پہنچ گئی ہیں ۔ وزیراعلی سندھ مرادعلی شاہ نے فری ایمبولینس سروس ریسکیو 1122 کا افتتاح کیا ۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ تین سال پہلے امن ایمبولینس لائے لیکن یہ منصوبہ ناکام رہا ۔ ریسکیو 1122 لارہے ہیں ۔ ہر ضلع میں ٹراما سینٹر بنا رہے ہیں جو 1122 سی منسلک ہوں گے ، کسی بھی ڈیزاسٹر کی صورت میں یہ 1122اپنی سروس فراہم کرے گی ، پولیس اور فائر بریگیڈ کے ساتھ 1122 کو منسلک کریں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے بھی حادثات ہوئے ہیں۔
وزیرصحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کے مطابق 50 ایمبولینس کے بعد مزید 230 ایمبولینس سندھ کے اضلاع کے لیے لائی جارہی ہیں ۔ ہرماہ چالیس ایمبولینس ریسکیو 1122 کا حصہ بنیں گی اور جلد ہی سندھ میں ہرجگہ یہ سروس ملنا شروع ہوجائے گی ۔
ایڈمینسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب کا کہنا ہے کہ امن ایمبولینس مفت نہیں تھی لیکن 1122 بالکل فری ہے۔ یہ ایمبولینس سروس سندھ کے عام آدمی کے لئے ہے۔ریسکیو 1122 کے آغاز کے ساتھ اب کراچی کے پانچ سرکاری اسپتالوں کے شعبہ حادثات کو اپ گریڈ کر کے اس پروجیکٹ کا حصہ بنائیں گے۔
پاکستان میں ریسکیو 1122 سروس کا آغاز پرویز مشرف دور میں وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کیا تھا جس کے بعد اسے خیبرپختونخوا میں شروع کردیا گیا اور اب یہ سروس پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی سے بھی اپنا آغاز کررہی ہے ۔ سندھ حکومت نے تین سال پہلے امن ایمبولینس کے نام سے سروس شروع کرنے کا اعلان کیا تھا جو مفت نہیں تھی لیکن یہ منصوبہ ناکام رہا ۔ اس کے بعد ریسکیو 1122 ماڈل پر کام شروع کیا گیا جو پہلے سے ہی کامیاب ماڈل کے طور پر پنجاب اور خیبرپختونخوا میں مہیا کی جارہی تھی ۔

#PakTurkNewsCM SINDkarachiRESCUE1122سندھ مین ریسکیو 1122 کا آغاز ، پاک ترک نیوز ، مرادعلی شاہ